پاکستان کا بھارت میں تابکار مواد کی چوری اور غیرقانونی فروخت پر اظہار تشویش

اسلام آباد: (دنیانیوز) بھارت میں تابکار مواد کے ساتھ ایک گینگ کی گرفتاری پر دفتر خارجہ کا مؤقف سامنے آیا ہے۔

جاری بیان میں ترجمان دفتر خارجہ ممتاززہرابلوچ نے کہا کہ پاکستان کو بھارت میں جوہری اور دیگر تابکار مواد کی چوری اور غیر قانونی فروخت کے بار بار ہونے والے واقعات کی رپورٹس پر سخت تشویش ہے۔

ترجمان نے کہاکہ تازہ ترین واقعے میں، غیر قانونی طور پر ایک انتہائی تابکار اور زہریلا مادہ ایک گینگ کے قبضے میں پایا گیا، مواد کی مالیت 100 ملین امریکی ڈالر ہے، 2021 میں بھی تابکاری کی چوری کے تین واقعات بھی رپورٹ ہوئے تھے۔

ترجمان دفتر خارجہ کاکہنا تھا کہ پچھلے مہینے، بھابھا اٹامک ریسرچ سینٹر سے مبینہ طور پر چوری ہونے والے تابکار ڈیوائسدہرادون سے بھی ملے تھے، یہ بار بار ہونے والے واقعات نئی دہلی کی طرف سے جوہری اور دیگر تابکار مواد کی حفاظت اور اس  کے لیے اٹھائے گئے حفاظتی اقدامات پر سوالیہ نشان لگاتے ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ یہ واقعات ہندوستان کے اندر حساس، دوہرے استعمال کے مواد کی بلیک مارکیٹ کے وجود کی بھی نشاندہی کرتے ہیں، بھارت میں اس طرح کے حساس مواد کا معمول کے مطابق غلط ہاتھوں میں جانا خطرناک ہے۔

ممتاززہرابلوچ کا کہنا تھا کہ پاکستان ان واقعات کی مکمل تحقیقات اور ان کی تکرار کو روکنے کے لیے مناسب اقدامات کے لیے اپنے مطالبے کا اعادہ کرتا ہے۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں