فلپ ہیوز کی گیند لگنے سے ہلاکت کو 10 سال بیت گئے
کینبرا: (ویب ڈیسک) آسٹریلوی ٹیسٹ کرکٹر فلپ ہیوز کی دوران میچ گیند لگنے سے ہلاکت کے واقعے کو 10 برس بیت گئے۔
آج سے 10 برس قبل (2014) میں سڈنی میں فلپ ہیوز کو شیفلڈ شیلڈ کے میچ میں شین ایبٹ کی گیند سر پر لگی تھی جس کے باعث وہ جان کی بازی ہار گئے تھے۔
آج فلپ ہیوز کی یاد میں شیفلڈ شیلڈ کے نیو ساؤتھ ویلز اور تسمانیہ کے میچ میں کھلاڑیوں نے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی۔
اس دوران سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں جذباتی مناظر دیکھنے میں آئے کیونکہ اسی گراؤنڈ میں فلپ ہیوز کو سر پر شین ایبٹ کی گیند لگی تھی۔
سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں خراج عقیدت پیش کرنے والوں میں شین ایبٹ بھی شامل تھے اور اس موقع پر شین ایبٹ جذباتی ہوگئے جس پر ساتھی کھلاڑیوں نے انہیں حوصلہ دیا۔
سابق کرکٹر کی ہلاکت کے 10 سال مکمل ہونے پر فلپ ہیوز کی فیملی کی جانب سے بھی ایک محبت بھرا پیغام جاری کیا گیا۔
واضح رہے کہ فلپ ہیوز نے 26 ٹیسٹ، 25 ون ڈے اور ایک ٹی 20 میچ میں آسٹریلیا کی نمائندگی کی تھی۔