امریکہ کی پولیس کو ایمرجنسی نمبر پر دلچسپ کال موصول، کالر کا مسئلہ بھی حل کردیا
شوانو کاؤنٹی :(دنیانیوز) امریکی ریاست وسکونسن کی شوانو کاؤنٹی میں ایک 10 سالہ بچے نے پولیس کے ایمرجنسی فون نمبر 911 پر کال کرکے ایک عجیب سا مسئلہ بتایا اور مزے کی بات یہ ہے کہ پولیس نے اس کے گھر پہنچ کر معاملہ سلجھا بھی دیا۔
شوانو کے شیرف جارج لینزنر نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ ایک 10 سالہ بچے نے 911 پر فون کرکے بتایا کہ اسے ہوم ورک میں ریاضی کا ایک سوال ملا ہے جسے وہ حل کرنے سے قاصر ہے لہٰذا پولیس اس کی مدد کرے۔
بچے نے یہ بھی بتایا کہ اس کے گھر والوں کی ریاضی بہت خراب ہے اس لیے وہ بھی اس کا مسئلہ حل نہیں کر رہے،شیرف آفس میں فون ریسیو کرنے والی اہلکار کم کراؤس نے بچے کو سمجھایا کہ یہ پولیس کا کام نہیں کہ وہ گھروں پر جاکر ریاضی کے سوالات حل کرے لیکن پھر بھی وہ اس کی مدد کرنے کی کوشش کریں گی۔
بچے نے کم کو وہ سوال بتایا لیکن وہ کچھ ایسا پیچیدہ تھا کہ کم بھی اسے حل کرنے سے قاصر رہیں، تاہم کم نے ڈپٹی شیرف چیز میسن کو فون کیا جو اتفاق سے اس وقت اس بچے کے ہی علاقے میں تھے اور انہوں نے وہاں جانے کی حامی بھر لی۔
چیس میسن بھی ریاضی میں زیادہ ماہر نہیں تھے اس لیے وہ اپنے بیٹے کو اس بچے کے گھر لے گئے جس نے وہ سوال حل کردیا۔
تاہم پولیس نے بچے کو سمجھایا کہ وہ جب چاہے 911 کال کرسکتا ہے لیکن صرف ایمرجنسی و خطرے کی صورت میں، اگر معاملہ کوئی اور ہو تو وہ نان ایمرجنسی نمبر پر پولیس سے رابطہ کرلیا کرے۔