جعفر ایکسپریس حملہ، پاکستان میں دہشتگردی کا ذمہ دار بھارت ہے: ترجمان دفتر خارجہ

Advertisement
0 seconds of 0 secondsVolume 0%
Press shift question mark to access a list of keyboard shortcuts
00:00
00:00
00:00
 

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں ہونیوالی دہشتگردانہ کارروائیوں کا ذمہ دار بھارت ہے۔

ہفتہ وار پریس بریفنگ میں ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان کا کہنا تھا کہ جعفر ایکسپریس پر حملہ ملک سے باہر دہشت گردوں کا پلان تھا، افغان حکومت پر زور دیتے ہیں کہ ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کرے اور پاکستان کے ساتھ تعاون کرے۔

انہوں نے کہا کہ جعفر ایکسپریس حملہ میں ملوث دہشت گردوں کے بیرون ممالک رابطے تھے جبکہ اس واقعے کے دوران ٹریس شدہ کالز میں افغانستان سے رابطوں کا سراغ ملا ہے، افغان حکومت کے ساتھ اچھے تعلقات کے خواہاں ہیں لیکن دہشتگردی بنیادی مسئلہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارتی حکام کی جانب دو کشمیری تنظیموں کو غیر قانونی قرار دینے کی مذمت کرتے ہیں، بھارت پر زور دیتے ہیں کہ کشمیری سیاسی جماعتوں پر عائد پابندیاں ہٹائے، بھارت نے عوامی ایکشن کمیٹی اور جموں و کشمیر اتحاد المسلمین کو پانچ سال کے لیے غیر قانونی ایسوسی ایشن قرار دیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ عوامی ایکشن کمیٹی کی قیادت ممتاز سیاسی اور مذہبی رہنما میر واعظ عمر فاروق کررہے ہیں جبکہ جموں و کشمیر اتحاد المسلمین کی بنیاد مولانا محمد عباس انصاری نے رکھی تھی، اس فیصلے سے کالعدم کشمیری سیاسی جماعتوں اور تنظیموں کی کل تعداد 16 ہو گئی ہے، سیاسی جماعتوں اور تنظیموں پر پابندی لگانا بھارتی حکام کے رویے کو ظاہر کرتا ہے۔

امریکا کی جانب سے پاکستان پر سفری پابندیوں کے معاملے پر ردعمل  دیتے ہوئے شفقت علی خان کا کہنا تھا کہ سفری پابندیوں سے متعلق میڈیا رپورٹس دیکھی ہیں ابھی تک یہ صرف قیاس آرائیاں ہیں ، امریکا میں ہمارا سفارتخانہ امریکی حکام کے ساتھ رابطے میں ہے، ابھی تک اس بارے میں کوئی تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اسرائیل کی جانب سےفلسطینیوں کیلئے امدادروکنے کے عمل کی مذمت کرتا ہے، اسرائیلی اقدام کا مقصد امدادی تنظیموں کی سرگرمیوں کوروکنا ہے، عالمی برادر ی اسرائیلی مظالم کو روکنے میں اپنا کردارادا کرے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان نے بتایا کہ وزیر خارجہ نے او آئی سی کے وزرائے خارجہ کونسل کی میٹنگ میں شرکت کی، اسحاق ڈار نے فلسطینیوں کے لیے پاکستان کے مکمل تعاون کے کا اعادہ کیا۔

ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ وزیر خارجہ نے سائیڈ لائنز پر فلسطینی وزیر اعظم ، او آئی سی کے سیکرٹری جنرل اور دیگر سے ملاقاتیں کیں، اسحاق ڈار کی سائیڈ لائنز پر ترکیہ کے وزیر خارجہ سمیت دیگر سے بھی ملاقاتیں ہوئیں، نائب وزیراعظم نے مسئلہ فلسطین پرپاکستان کے مؤقف سے آگاہ کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں