پاکستان مشرق وسطیٰ میں جنگ کے خاتمے کیلئے مذاکرات کی میزبانی کیلئے تیار ہے: وزیراعظم

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان جاری بحران کے خاتمے کے لیے بامقصد مذاکرات کی میزبانی کےلیے تیار ہے۔

اپنے بیان میں وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ مذاکرات کی میزبانی کرنا پاکستان کے لیے باعث فخر ہے، خطے اور دنیا بھر میں امن و استحکام کےلیے مذاکرات ضروری ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان مشرق وسطیٰ میں جنگ کے خاتمے کےلیے مذاکرات کی جاری کوششوں کا خیرمقدم کرتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ امریکا اور ایران کی رضامندی سے مشروط جامع تصفیے کے لیے مذاکرات کی سہولت فراہم کرنے کو تیار ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان نتیجہ خیز مذاکرات کی سہولت فراہم کرنے کے لیے میربانی کے حوالے سے تیار ہے اور اسے اعزاز سمجھتا ہے۔ 

خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف اور ایرانی صدر مسعود پزشکیان کی ٹیلیفونک گفتگو میں خطے میں قیام امن کیلئے پاکستان کا تعمیری کردار جاری رکھنے پر اتفاق کیاگیاتھا۔

گزشتہ روز مختلف میڈیا پلیٹ فارمز پر رپورٹ ہوا کہ امریکا کے نائب صدر جے ڈی وینس، وٹکوف اور جیرڈ کشنر ممکنہ طور پر اگلے ہفتے اسلام آباد میں ایران کے ہونے والے مذاکرات کی نمائندگی کریں گے۔

دوسری جانب اس حوالے سے ترجمان پاکستانی دفتر خارجہ کا کہنا تھا اگر فریقین راضی ہیں تو پاکستان ثالثی کی میزبانی کے لیے تیار ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں