محمد باقر ذوالقدر ایرانی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے نئے سیکرٹری مقرر
تہران: (دنیا نیوز) محمد باقر ذوالقدر ایرانی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے نئے سیکرٹری مقرر ہو گئے ہیں۔
ایرانی میڈیا کے مطابق انہیں علی لاریجانی کی جگہ تعینات کیا گیا ہے، وہ پاسدارانِ انقلاب کے سابق کمانڈر رہ چکے ہیں اور اسٹریٹجک حلقوں میں انہیں ایک سخت گیر اور بااثر شخصیت کے طور پر جانا جاتا ہے۔
قطر کے خبر رساں ادارے کے مطابق ایران نے اپنی اعلیٰ ترین سکیورٹی باڈی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے لیے نئے سیکرٹری کا تقرر کر دیا ہے، ایران کے سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق محمد باقر ذوالقدر کو اس اہم عہدے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔
یہ تقرری ایک اہم سکیورٹی بحران کے بعد سامنے آئی ہے، جب کونسل کے سابق سکریٹری علی لاریجانی اور بسیج ملیشیا کے کمانڈر غلام رضا سلیمانی امریکا اور اسرائیل کے حالیہ حملوں میں شہید ہوئے تھے۔
علی لاریجانی ایران کی اہم سیاسی شخصیات میں شمار ہوتے تھے اور ماضی میں پارلیمنٹ کے سپیکر اور مغرب کے ساتھ جوہری مذاکرات کے سربراہ بھی رہ چکے تھے۔
اسرائیلی انٹیلی جنس نے علی لاریجانی کو ٹریس کرنے کے لیے بھرپور وسائل استعمال کیے تاہم وہ اسرائیلی نگرانی سے بچنے کے لیے مسلسل اپنا مقام تبدیل کرتے رہے اور آخرکار 17 اور 18 مارچ کی درمیانی شب انہیں ٹریس کر لیا گیا تھا۔