ٹرمپ کے مذاکرات کے اعلان سے پہلے ہی مارکیٹ میں تیزی، سوال اٹھ گئے
نیویارک: (دنیا نیوز) معروف عالمی خبر رساں ادارے سکائی نیوز نے ٹرمپ کے ایران کے ساتھ مذاکرات کے اعلان سے پہلے مارکیٹ میں بڑی خریداری پر سوال اٹھا دیے۔
سکائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق ٹرمپ کی ٹروتھ سوشل پر پوسٹ سے 5 منٹ پہلے ہی مارکیٹ اوپر چلی گئی، ٹرمپ کے اعلان سے پہلے آئل اور شیئرز کی بڑے پیمانے پر خریداری ہوئی، پوسٹ سے کچھ منٹ پہلے ہی حیران کن طور پر مارکیٹ میں بڑے سودے ہوئے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ ٹرمپ کی پوسٹ سے پہلے حالیہ دنوں کے سب سے بڑے سودے ہوئے، کیا مخصوص کاروباری گروپ کو پتا تھا کہ ٹرمپ کیا پوسٹ کرنے والے ہیں؟ کاروباری گروپ یا تو انتہائی خوش نصیب ہیں یا انہیں پہلے سے ہی پتا تھا، آئل اور دیگر مارکیٹس نے اعلان سے پہلے سودے کر کے کئی سو ملین ڈالر کما لیے۔
سکائی نیوز کے مطابق ایس اینڈ پی 500 انڈیکس میں ایک ہی جھٹکے میں 1.5 بلین ڈالر کا بڑا سودا ہوا، مارکیٹ میں 192 ملین ڈالر کی لائٹ کروڈ آئل کے مستقبل کے سودے کیے گئے، ان سودوں سے خریداروں کو بڑا منافع ہوا ہے۔