ایران نے امریکی تجاویز مسترد، اپنی شرائط پیش کر دیں، ملکی دفاع جاری رکھنے کا اعلان
تہران: (دنیا نیوز) امریکا ایران مذاکرات کی کوششوں کو دھچکا، ایران نے امریکی تجاویز مسترد کر دیں اور اپنی شرائط پیش کرتے ہوئے ملکی دفاع جاری رکھنے کا اعلان کر دیا۔
ایرانی حکام کے مطابق ابتدائی ردعمل امریکا تک پہنچانے کیلئے پاکستان کو بھیج دیا گیا، جنگ کا اختتام صرف تہران کی شرائط اور ٹائم لائن کے مطابق ہوگا۔
حکام کا کہنا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کو جنگ کے خاتمے کا وقت طے کرنے کا اختیار نہیں دیا جاسکتا۔
ایرانی حکام نے ماضی کے مذاکرات کا حوالہ دیا اور انہیں فریب قرار دیتے ہوئے کہا امریکا دونوں مواقع پر سنجیدہ مذاکرات کا خواہاں نہیں تھا اور ایران کے خلاف فوجی کارروائیاں کی گئیں۔
ایرانی میڈیا کے مطابق ایران نے جارحیت اور ٹارگٹ کلنگ کے خاتمے کی شرط رکھ دی، شرائط میں دوبارہ جنگ مسلط نہ کرنے، جنگی نقصانات اور ہرجانے کی ادائیگی کی شرط شامل ہے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق خطے میں تمام محاذوں اور تمام مزاحمتی گروہوں سے جنگ بند کرنے ، آبنائے ہرمز پر ایران کی خودمختاری کا حق تسلیم کرنے کی شرائط بھی شامل ہیں۔
ایرانی وزارت خارجہ کا کہنا ہے پاکستان کی نیت اچھی ہے اور پاکستان کےساتھ اچھے تعلقات ہیں، ایرانی وزیرخارجہ ہمسایہ ممالک کے وزرائے خارجہ سے رابطے میں ہیں۔