شہباز شریف کا امیر قطر سے ٹیلیفونک رابطہ، علاقائی امن و استحکام پر تبادلہ خیال
لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف امیر قطر اور شیخ تمیم بن حمد الثانی کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا جس میں دونوں رہنماؤں نے علاقائی صورتحال، امن و استحکام اور باہمی تعاون کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
اعلامیے کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے امیر قطر اور برادر عوام کو عید الفطر کی مبارکباد پیش کی جبکہ امیر قطر کی جانب سے بھی نیک تمناؤں اور مبارکباد کا اظہار کیا گیا۔
گفتگو کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے خطے میں جاری کشیدگی اور جنگی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مسلسل تمام فریقین سے کشیدگی کم کرنے اور اختلافات کو بات چیت اور سفارت کاری کے ذریعے حل کرنے پر زور دے رہا ہے۔
وزیراعظم نے قطر اور دیگر برادر خلیجی ممالک کے خلاف حملوں کی شدید مذمت کا اعادہ کیا اور قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور زخمیوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
شہباز شریف نے امیر قطر اور برادر عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی اور حمایت کی یقین دہانی کراتے ہوئے موجودہ صورتحال میں قطر کے غیر معمولی تحمل کو سراہا اور پاکستان کی جاری سفارتی کوششوں سے بھی آگاہ کیا۔
اس موقع پر امیر قطر نے علاقائی امن کے لیے پاکستان کی مخلصانہ سفارتی کاوشوں کو سراہا جبکہ دونوں رہنماؤں نے آئندہ دنوں میں قریبی رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔