وزیراعظم کو ملائیشین ہم منصب کا فون، پاکستان کی امن کوششوں کیلئے حمایت کا اعادہ
اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف سے ملائیشین ہم منصب نے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور پاکستان کی امن کوششوں کیلئے مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔
دونوں رہنماؤں نے عید الفطر کی مبارکباد کا تبادلہ کیا اور امت مسلمہ کے اتحاد اور ترقی کیلئے دعائیں کیں۔
ملائیشین وزیراعظم داتو سری انور ابراہیم نے مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے خاتمے کیلئے پاکستان کی قیادت میں ثالثی کی کوششوں کی حمایت کے مضبوط پیغام پر خراج تحسین پیش کیا۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم سے چینی سفیر کی ملاقات، سی پیک 2 پر کام تیز کرنے پر اتفاق
ملاقات کے دوران وزیراعظم نے مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے خاتمے کیلئے پاکستان کی قیادت میں ثالثی کی کوششوں پر زور دیتے ہوئے ملائیشیا کے وزیراعظم کو تازہ ترین سفارتی اقدامات سے آگاہ کیا، جس میں امریکا اور ایران کو مذاکرات کی میز پر لانے کی کوششیں اور برادر خلیجی ممالک و ایران کے رہنماؤں سے بات چیت شامل تھی۔
وزیراعظم شہباز شریف کی شاندار قیادت کی تعریف کرتے ہوئے ملائیشیا کے وزیراعظم نے انہیں مختلف عالمی رہنماؤں کے ساتھ اپنی گفتگو سے بھی آگاہ کیا، جس میں انہوں نے مشرق وسطیٰ کی جنگ کے فوری خاتمے کی ضرورت پر زور دیا۔
مزید پڑھیں: اپنا گھر ہر شہری کا حق، آسان شرائط پر قرضوں کی فراہمی حکومتی ترجیح ہے: وزیراعظم
انہوں نے پاکستان کی خطے میں امن کیلئے جاری کوششوں میں ملائیشیا کی مکمل حمایت کی پیشکش بھی کی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان خطے میں کشیدگی کو کم کرنے کیلئے مخلصانہ اور حقیقی اقدامات جاری رکھے گا، دونوں رہنماؤں نے مستقبل میں باہمی رابطے کو مضبوط رکھنے پر اتفاق کیا۔