پاکستان کے ذمہ دارانہ مؤقف، دانشمندانہ سفارتی اقدامات کو سراہتے ہیں: سعودی سفیر
اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان میں سعودی سفیر نواف بن سعیدالمالکی نے کہا ہے کہ پاکستان کے ذمہ دارانہ مؤقف اور مسلسل دانشمندانہ سفارتی اقدامات کو سراہتے ہیں۔
سعودی سفیر نے کہا کہ سعودی عرب اور دیگر خلیجی ممالک پر ایرانی حملے تشویشناک ہیں، حملے خودمختار ریاستوں کے خلاف بلاجواز جارحیت ہیں، حملوں میں رہائشی علاقوں، ہوائی اڈوں، شہری تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔
نواف بن سعیدالمالکی نے کہا کہ حملے بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہیں، یہ خطرات عالمی شہ رگ یعنی آبنائے ہرمز تک پھیل رہے ہیں، دنیا کے مفادات، معاشی استحکام، توانائی کی سلامتی بھی آبنائے ہرمز سے وابستہ ہے۔
سعودی سفیر نے کہا کہ یہاں خطرہ علاقائی نہیں رہتا بلکہ عالمی انسانی مسئلہ بن جاتا ہے، یہ عوام کی زندگیوں اور ترقی کے حقوق کو متاثر کرتا ہے، خطے کا استحکام مشترکہ ذمہ داری ہے، آج کا پیغام محض سیاسی نہیں بلکہ انسانی ہے۔
نواف بن سعیدالمالکی نے کہا کہ ریاستوں کی سلامتی ناقابل سمجھوتہ ہے، خطے کا استحکام مشترکہ ذمہ داری ہے، بین الاقوامی قانون کا احترام ہم سب کے مستقبل کے تحفظ کیلئے ناگزیر ہے۔
سعودی سفیر کا کہنا تھا کہ پاکستان کے اقدامات بحران کے پُرامن حل کی کوششوں کے عکاس ہیں، یہ اقدامات علاقائی امن کے فروغ کیلئے پاکستان کے مثبت کردار کو اجاگر کرتے ہیں۔