آبنائے ہرمز سے توانائی کی ترسیل میں بتدریج اضافہ ہو رہا ہے، امریکی وزیر خارجہ
واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکا کے وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز سے توانائی کی ترسیل میں بتدریج اضافہ ہو رہا ہے، اگرچہ یہ مقدار اب بھی معمول سے کم ہے۔
صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ مارکو روبیو نے بتایا کہ مختلف ثالث ممالک ایران کے ساتھ پیغامات کے تبادلے میں مصروف ہیں اور اس سلسلے میں کچھ پیشرفت بھی ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیغامات کے تبادلے کا عمل جاری اور مسلسل بدلتی صورتحال کا حصہ ہے، اس حوالے سے میڈیا میں تفصیلات بیان نہیں کی جا سکتیں، یہ ایک حساس معاملہ ہے جس پر کھلے عام بات چیت نہیں کی جا سکتی۔
مارکو روبیو نے مزید کہا کہ آبنائے ہرمز فوری طور پر کھل سکتی ہے اگر ایران عالمی بحری جہاز رانی کو دھمکانا بند کر دے، جو ممالک بین الاقوامی قوانین کی پاسداری کے دعویدار ہیں، انہیں اس صورتحال پر عملی اقدامات کرنے چاہئیں۔