اسرائیلی فوج کے لبنان پر حملے، حزب اللہ کے دو سینئر عہدیدار شہید کرنے کا دعویٰ
بیروت: (دنیا نیوز) اسرائیلی فوج کے لبنان پر حملوں میں شدت آ گئی، لبنانی زمینوں پر قبضے کے لیے اسرائیل فوجی دستے بھی لڑ رہے ہیں جبکہ اسرائیلی فوج نے حزب اللہ کے دو سینئر عہدیدار شہید کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
اسرائیلی فوج کے مطابق حزب اللہ کے ایوب حسین یعقوب اور یاسر محمد مبارک کو نشانہ بنایا گیا، بیروت میں حملے میں ایوب حسین یعقوب شہید ہو گئے۔
اسرائیلی فضائی اور بحری افواج کی جنوبی لبنان میں کارروائیاں جاری ہیں، اسلحہ ڈپو، لانچرز اور عسکری تنصیبات کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا گیا۔
اسرائیلی حملے میں جنوبی لبنان میں چار شامی کسان شہید ہو گئے ہیں جبکہ 9 افراد زخمی بھی ہوئے، کسان کھیتوں میں کام کر رہے تھے جب اسرائیل نے فضائی حملہ کیا۔
اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ لبنان سےاینٹی ٹینک میزائل فائر کیا گیا، راکٹ حملےمیں 6 اسرائیلی فوجی زخمی ہوئے۔
لبنانی وزارت صحت کے مطابق لبنان میں اسرائیلی حملوں سے اب تک 1142 افرادشہید ہو چکے ہیں جبکہ 3315 افراد زخمی ہوئے ہیں۔