ایران نے جنگ بندی کی درخواست کردی: ٹرمپ کا دعویٰ

واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کی نئی رجیم کے صدر نے امریکا سے جنگ بندی کی درخواست کردی ہے۔

 

صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کی نئی رجیم کے صدرپہلے والوں سے کہیں کم شدت پسند اور کہیں زیادہ ذہین ہیں ، ہم جنگ بندی کی درخواست پر غور کریں گے۔

امریکی صدر نے کہا کہ درخواست پر تب غور کریں گے جب آبنائے ہرمز کھلی اور مکمل طور پر محفوظ ہو جائے گی۔

قبل ازیں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ امریکا 2 سے 3 ہفتوں میں ایران جنگ سے نکل جائے گا، ممکنہ طور پر اس سے پہلے ڈیل ہو سکتی ہے، جنگ ختم کرنے کیلئے ایران سے ڈیل ضروری نہیں، امریکی عوام کوبتانا چاہتا ہوں کہ ایک شخص ایٹم بم بنانا چاہتا تھا اس لیے کارروائی کی۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ رجیم چینج میرا مقصد نہیں تھا، میرا مقصد تھا کہ ایٹم بم نہ ہو، یورپی ممالک پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے پھر بولے فرانس اور کوئی دوسرا ملک آئل، گیس چاہتا ہے تو آبنائے ہرمز سے جاکر لے لیں، میرا خیال ہے وہ اپنا دفاع کر سکیں گے۔

امریکی صدر کا کہنا ہے کہ آبنائے ہرمز میں جو کچھ ہوگا اس سے ہمارا کوئی لینا دینا نہیں ہوگا، چین جائے اور اپنے بحری جہازوں کو تیل سے بھر لے، انہیں اپنی حفاظت خود کرنا ہوگی، کوئی وجہ نہیں کہ ہم ان کی حفاظت کریں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں