لاہور ہائیکورٹ: 9 مئی کے 8 مقدمات میں بانی پی ٹی آئی کی ضمانتوں کی درخواستیں سماعت کیلئے مقرر

Advertisement
0 seconds of 0 secondsVolume 0%
Press shift question mark to access a list of keyboard shortcuts
00:00
00:00
00:00
 

لاہور: ( محمد اشفاق) لاہور ہائیکورٹ میں جناح ہاؤس سمیت 9 مئی کے 8 مقدمات میں بانی پی ٹی آئی ضمانتوں کی درخواستیں سماعت کے لیے مقرر ہو گئیں۔

چیف جسٹس مس عالیہ کی سربراہی میں دو رکنی بینچ کل بانی پی ٹی آئی کی ضمانتوں پر سماعت کرے گا۔

لاہور ہائیکورٹ کے دو رکنی بینچ نے 13 جنوری کو بانی پی ٹی آئی کی 7 درخواستوں پر عائد رجسٹرار آفس کے اعتراضات دور کر دیئے تھے جبکہ ایک درخواست کے ساتھ عدت کیس کی مصدقہ کاپی لف کرنے کی ہدایت کی تھی۔

بانی پی ٹی آئی نے درخواستوں میں موقف اختیار کیا ہے کہ میں 9 مئی والے دن اسلام آباد میں نیب کی تحویل میں تھا، سیاسی انتقام کے لیے سازش کا الزام کا لگا کر مقدمات میں نامزد کیا گیا ہے۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ دو سال سے مقدمات کا سامنا کر رہا ہوں، انتقامی کارروائی کی جا رہی ہے، بانی پی ٹی آئی نے استدعا کی ہے کہ لاہور ہائیکورٹ 8 مقدمات میں ضمانت منظور کر کے رہائی کا حکم دے۔

واضح رہے کہ انسداد دہشت گردی عدالت لاہور نے بانی پی ٹی آئی کی ضمانت کی 8 درخواستیں مسترد کر دی تھیں۔

بانی پی ٹی آئی پر لاہور میں 9 مئی کے کل 12 مقدمات درج ہیں جبکہ بانی پی ٹی آئی کی 4 مقدمات میں ضمانتیں منظور ہو چکی ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں