9 مئی کے مقدمات ہر شہر میں چل رہے ہیں، لاکھوں لوگ متاثر ہوئے: فواد چودھری
اسلام آباد: (دنیا نیوز) سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا کہ 9 مئی سے متعلق ہر شہر میں مقدمات چل رہے ہیں، لاکھوں لوگ براہ راست متاثر ہوئے۔
دنیا نیوز کے پروگرام’’دنیا مہربخاری کےساتھ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے فواد چودھری نے کہا کہ بانی کے خلاف الزام ہے زمان پارک میں تین پولیس اہلکاروں نے ہدایات سنی تھیں۔
انہوں نے کہا کہ ابھی تک یہی نہیں پتا میرے اوپر الزام کیا ہے؟ یہی کیس فیصل آباد میں بھی چل رہا ہے، ایک ہی کیس کے 42 کیسز بنائے گئے۔
فواد چودھری نے کہا کہ مذاکرات میں فضل الرحمان، پیرپگاڑا، محمود اچکزئی کو بھی شامل کرنا چاہئے تھا، پی ٹی آئی میں بھی کچھ لوگ ماحول کو بہتر نہیں کرنا چاہتے، مذاکرات کو آگے بڑھانا بہت اہم ہے۔
انہوں نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر کے ساتھ تین ممبران بھی ریٹائر ہو رہے ہیں، چیف الیکشن کمشنر کو خود ہی چلے جانا چاہئے، قاضی فائزعیسیٰ کو تو بھی کہیں لگانا ہے۔