قبائلی بھائی چارے کا فروغ علاقے کی ترقی کیلئے ناگزیر ہے: سرفراز بگٹی
کوئٹہ: (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا کہ قبائلی بھائی چارے اور اتحاد و اتفاق کا فروغ علاقے کی ترقی اور خوشحالی کے لیے ناگزیر ہے۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے سوئی کا دورہ کیا اور بگٹی قبائل کے امن جرگہ میں شرکت کی، اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے مسوری اور کلپر ہوتکانی قبائل کے درمیان 15 سال سے جاری خونریز تنازع کو خوش اسلوبی سے حل کروا دیا۔
دونوں فریقین کے درمیان جاری اس دشمنی کے نتیجے میں 10 کے قریب افراد جاں بحق ہو چکے تھے، امن جرگہ کے دوران دونوں فریقین نے صلح کا مکمل اختیار وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی کو سونپ دیا تھا۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے تصفیہ کے موقع پر اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قبائلی تنازعات کو ختم کرکے ہی ہم بلوچستان میں پائیدار قیام امن کو یقینی بنا سکتے ہیں، انہوں نے کہا کہ امن و آشتی کے بغیر ترقی کا خواب ممکن نہیں اور دشمنی کو ختم کرنا بہترین صدقہ جاریہ ہے۔
وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر کہا کہ بگٹی قبائل کے دونوں فریقین کے درمیان صلح خوشحالی کا نیا دور لے کر آئے گی انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بلوچستان میں امن و استحکام کے لیے تمام قبائل کو متحد کرنے کا مشن جاری رہے گا۔