قطر کا شام میں توانائی سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کرنے کا اعلان

دمشق: (ویب ڈیسک) قطر نے شام میں توانائی سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کرنے کا اعلان کر دیا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق قطر کے وزیر مملکت برائے خارجہ امور نے شام کے دورے کے موقع پر التحریر الشام کے سربراہ احمد الشرع کے ساتھ بھی ملاقات کی اور دونوں ملکوں کے درمیان انسانی بنیادوں پر تعاون کے علاوہ تعلقات کی مضبوطی اور سرمایہ کاری کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ قطر کی طرف سے اس بارے میں آمادگی ظاہر کی گئی ہے کہ 13 سال سے خانہ جنگی اور تباہی کی زد پر رہنے والے ملک شام میں توانائی سمیت دیگر شعبوں میں بھی سرمایہ کاری کرنے کو تیار ہے، اس سلسلے میں مزید تفصیلات آنے والے دنوں میں زیر غور آئیں گی۔

احمد الشرع نے اس موقع پر خواہش کا اظہار کیا کہ امیر قطر شیخ تمیم بن حماد الثانی شام کا دورہ کریں، اس سلسلے میں شیخ تمیم بن حماد الثانی کو احمد الشرع نے شام آنے کی دعوت بھی دی ہے۔

واضح رہے کہ قطر نے شام میں اپنا سفارتخانہ بھی نئے سرے سے کھول لیا ہے جو 2011 سے مسلسل بند چلا آرہا تھا، اس ناطے قطر دوسرا ملک ہے جس نے شام میں اپنا سفارتخانہ کھولا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں