اوباما ایران پر پابندیوں میں توسیع کی منظوری نہ دیں،روحانی
امریکی ایوان نماندگان کے منظور کردہ بل کی توثیق جوہری معاہدے کی خلاف ورزی ہوگی حکومت یورینیم کی افزودگی سمیت جوہری سرگرمیاں بحال کردے ،ایرانی ارکان پارلیمنٹ کا مطالبہ
تہران( خبر ایجنسیاں) ایرانی صدر حسن روحانی نے اپنے امریکی ہم منصب اوباما سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ایران پر عائد اقتٓصادی پابندیوں میں مزید 10سال توسیع کی منظوری نہ دیں ۔صدر حسن روحانی نے کہا کہ امریکی ایوان نماندگان میں منظور کردہ یہ بل انتہائی قابل مذمت ہے ، کیونکہ اس میں ایران پر عائد پابندیوں میں مزید 10 سال توسیع کی سفارش کی گئی ہے ، انہوں نے کہا کہ صدر اوباما کا فرض ہے کہ وہ اس بل کی ہرگز توثیق نہ کریں، کیونکہ ان کی یہ توثیق اور امریکا کی جانب سے پابندیوں میں توسیع جوہری معاہدے کی سنگین خلاف ورزی ہو گی ۔ دریں اثنا ایران کے 264 ارکان پارلیمنٹ نے اپنی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ یورینیم کی افزودگی سمیت تمام جوہری سرگرمیاں بحال کردی جائیں ۔ واضح رہے کہ ایرانی پارلیمنٹ کے ارکان کی تعداد 290 ہے ۔ ذرائع کے مطابق ایرانی ارکان ایک بل کا مسودہ تیار کر کے جلد ایوان میں پیش کرنا چاہتے ہیں، اس کے تحت حکومت سے کہا جائے گا کہ اگر امریکا کی جانب سے ایران پر عائد پابندیوں میں توسیع ہوتی ہے تو ردعمل میں تمام منجمد جوہری سرگرمیاں بحال کردی جائیں گی۔