کورونا :امریکا میں 14 ہزار ہلاکتیں ,4 لاکھ مریض ,ٹرمپ کی عالمی ادارہ صحت کے فنڈز ختم کرنیکی دھمکی
امریکی صدر کارویہ نامناسب،یہ وقت اتحاد کا ہے :ڈبلیو ایچ او‘دبئی میں شادیوں اور طلاق پر پابندی لگا دی گئی ووہان 76روز بعد کھل گیا،وبا ماحول کی تباہی پرقدرت کا ردعمل :پوپ ،بحران پر چیف یورپی سائنسدان مستعفی،ترکی میں ماسک فری
نیویارک،لندن،پیرس(دنیامانیٹرنگ)کورونا دنیا کیلئے خطرہ بن گیا،امریکا میں 4لاکھ مریض جبکہ ہلاکتیں 14ہزار سے بڑھ گئیں۔براعظم یورپ میں وائرس کا پھیلائو تیز ی سے جاری ہے ،یورپ کے سب سے متاثرہ ممالک اٹلی،سپین اور فرانس ہیں۔اٹلی میں 542 افراد ہلاک ہوئے جس سے مرنیوالوں کی تعداد17669تک پہنچ گئی۔سپین میں مزید658افراد ہلاک ہوئے ،جس سے مرنیوالوں کی تعداد بڑھ کر14555ہوگئی جبکہ 4748نئے مریض سامنے آئے ۔برطانیہ میں مزید938افراد ہلاک ہوئے جس سے مرنیوالوں کی تعداد بڑھ کر7097تک پہنچ گئی۔برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن نے تیسری رات بھی آئی سی یو میں گزاری،ترجمان کا کہنا تھا وزیر اعظم کی حالت بہتر ہورہی ہے ،وہ بیڈ پر اٹھ کر بیٹھے ،عملے سے گفتگو بھی کی ، طبیعت میں مسلسل بہتری آرہی ہے ۔لندن ٹرانسپورٹ سروس کے وائرس سے متاثر مزید4ملازمین ہلاک ہوگئے جس سے مرنیوالوں کی تعداد14ہوگئی۔لندن کے میئر صادق خان نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ لاک ڈاؤن میں نرمی لانے کے کوئی ارادے نہیں ہیں۔بہت سارے لوگ ابھی بھی کام کیلئے اپنے گھروں سے باہر نکل رہے ہیں جبکہ انہیں ایسا نہیں کرنا چاہیے ۔فرانسیسی صدر آج قوم سے خطاب کریں گے ،فرانسیسی شہر بیارٹز میں بینچ پر دو منٹ سے زیادہ بیٹھنے پر پابندی لگادی گئی ہے ۔ بحری جہاز چارلس ڈیگال کے 40 اہلکارو ں میں وائرس کی تصدیق ہوگئی جس پر بحری جہاز کو بندرگاہ پر بلالیاگیا۔بیلجیئم میں205افراد کی ہلاکت کیساتھ وائرس سے مرنیوالوں کی تعداد2240ہوگئی،نیدرلینڈز میں مزید147افراد جان کی بازی ہارگئے جس سے ہلاکتیں2248ہوگئیں،سویڈن میں مزید96ہلاک ہوئے جس سے اموات687ہوگئیں۔جرمنی میں 50نئی ہلاکتوں کے ساتھ مرنیوالوں کی تعداد2066ہوگئی،سوئٹزرلینڈ میں مزید37،پرتگال 35،آسٹریا 30،ناروے 4،پولینڈ7،رومانیہ 18، ڈنمارک میں مزید15افرادہلاک ہوئے ۔رومانیہ میں ایک ہی دن میں 10 نوزائیدہ بچوں میں وائرس کی تشخیص ہوئی،جس کے بعد حکام نے میٹرنٹی ہوم کے تمام عملے کے ٹیسٹ کرنے کے احکامات جاری کردیئے ۔ مالٹا میں کورونا سے پہلی ہلاکت ہوئی۔وزیر صحت کے مطابق بچوں کی ماؤں میں وبا کی تشخیص نہیں ہوئی۔یورپی یونین کی سائنسی تحقیقی کونسل کے سربراہ پروفیسرمورو فیراری نے رکن ممالک کی جانب سے وائرس سے نمٹنے پر اپنے تحفظات کے باعث استعفیٰ دیدیا۔انہوں نے کہا وبا کے حوالے سے رکن ممالک کے اقدامات سے مجھے سخت مایوسی ہوئی ہے ۔پوپ فرانسس نے کہا ہے کہ انسان ماحولیا تی تبدیلی کے نقصانات کو نظر انداز کررہے ہیں اور یہ وبا قدرت کا ردعمل بھی ہوسکتی ہے ۔انہوں نے کہا ہم وقوع پذیر ہونیوالے المیوں پر زیادہ بات نہیں کرتے ،آسٹریلیا میں جنگلات کی تباہی کی بات اب کون کرتاہے ؟اب سیلابوں کی کون بات کرتاہے ،ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا میں نہیں جانتا کہ یہ قدرت کا بدلہ بھی ہوسکتے ہیں۔امریکا پر کورونا وائرس نے ہر طرف سے حملہ کردیا،مسلسل 8ویں روز 1ہزار سے زائد ہلاکتیں ہوئیں،مزید1928افراد ہلاک ہوگئے جس سے مرنیوالوں کی تعداد 14585ہوگئی جبکہ مریضوں کی تعداد بھی چارلاکھ سے بڑھ گئی۔چوبیس گھنٹے میں 47ہزار نئے مریض سامنے آئے ۔سب سے زیادہ متاثرہ ریاستیں نیویارک،مشی گن اور نیوجرسی ہیں۔ریاست نیویارک میں مزید779افراد ہلاک ہوئے جس سے مرنیوالوں کی تعداد بڑھ کر6268ہوگئی،نیویارک اورمشی گن میں مردہ خانے لاشوں سے بھر گئے ،مزید4ٹرک ریفریجریٹر لاشوں کیلئے طلب کرلئے گئے ۔نیویارک میں سنٹرل پارک اور یو ایس ٹینس سنٹر فیلڈ ہسپتال میں بدل گئے ۔وبائوں سے کنٹرول سے متعلق امریکی ادارے کے سربراہ ڈاکٹر انتھونی فوسی نے کہا یہ ہفتہ ہلاکتوں کے حوالے سے تکلیف دہ رہے گا،امریکی جنگی بحری بیڑے روز ویلٹ میں متاثرہ نیوی اہلکاروں کی تعداد286تک پہنچ گئی۔کیلیفورنیا میں درجنوں قیدی بھی وائرس کا شکارہوگئے ۔امریکی ریاست الینائز کے شہر الٹن کے میئر نے جزوی لاک ڈائون پر سختی سے عملدرآمد کروانے کی ہدایت کی تو ایک پارٹی میں اس کی اپنی بیوی پکڑی گئی،جس پر میئر نے عوام سے معافی مانگی۔امریکی فلم اور ٹیلی ویژن اداکار ایلن گارفیلڈ ،لوک گانوں کے معروف لکھاری جان پرائن بھی وائرس کے ہاتھوں چل بسے ۔ صدر ٹرمپ نے عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے فنڈز روکنے کی دھمکی دیدی،ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہا عالمی ادارے کا جھکائوچین کی طرف ہے ، ٹرمپ نے عالمی ادارہ صحت پر چین میں کورونا وائرس کے ابتدائی پھیلاؤ سے متعلق غلط فیصلے کرنے کا الزام بھی عائد کیا۔انہوں نے کہاہم ڈبلیو ایچ او پر خرچ کی جانے والی رقم پر قابو پانے جا رہے ہیں، ہم اس پر بہت سخت گرفت رکھنے والے ہیں اور ہم دیکھیں گے ۔ تاہم بعد میں انہوں نے اپنے ریمارکس میں ترمیم کرتے ہوئے کہا وہ فنڈز ختم کرنے پر غور کریں گے ۔وہ(عالمی ادارہ صحت) ہمیشہ چین کے معاملے پر غلطی کرتے نظر آتے ہیں، ہم فنڈ زختم کرنے پر غور کریں گے کیونکہ آپ جانتے ہیں کہ انہوں نے اسے غلط کہا ہے ۔واضح رہے کہ امریکا ہر سال عالمی ادارہ صحت کو 5کروڑ 80لاکھ ڈالر ا مداد دیتاہے ۔ادھرعالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل کے مشیر نے امریکی صدر کے بیان کو مسترد کرتے ہوئے کہا ڈبلیو ایچ او ایک غیر جانبدار ادارہ ہے جس نے چین سمیت کورونا وائرس میں مبتلا دیگر ممالک کی یکساں مدد کی ہے ۔ اس حوالے سے صدر ٹرمپ کا بیان حقائق کے منافی ہے ۔ڈاکٹر بروس ایلورڈ نے صدر ٹرمپ کی فنڈز بند کرنے کی دھمکی کی مذمت کرتے ہوئے کہا دنیا ایک خطرناک وائرس سے نبرد آزما ہے ،صدر ٹرمپ باز رہیں یہ وقت فنڈز روکنے کا نہیں بلکہ ایک دوسرے کے ہاتھ مضبوط کرنے کا ہے ، فنڈز روکنے کی دھمکی نامناسب رویہ ہے ۔برازیل میں13افراد ہلاک ہوئے جبکہ میکسیکو میں 16نئی ہلاکتیں ہوئیں۔براعظم ایشیا بھی وائر س سے بری طرح متاثر ہے ،دنیا بھر میں سب سے پہلے اس وبا سے متاثرہونیوالے چینی شہر ووہان میں ا ب صورتحال معمول پر آچکی ہے ،بدھ کو شہر 76روزہ لاک ڈائون کے بعدکھل گیا،ٹرینیں چل پڑیں جبکہ فلائٹس بھی روانہ ہوئیں،بڑی تعداد میں لوگ شہر سے روانہ ہوئے ۔اس موقع پر شہرکے مرکزی پل اور دیگر عمارتوں کو برقی قمقوں سے سجایاگیاتھا۔ووہان میں ابھی کچھ رکاوٹیں برقرار رہیں گی،صرف صحت مند افراد کو درجہ حرارت نوٹ کرنے کے بعد شہر سے جانے دیاگیا۔بیجنگ کی انتظامیہ نے اعلان کیا کہ ووہان سے ایک روز میں صرف 1ہزار افراد کو داخل ہونے کی اجازت دی جائے گی۔چین میں 62نئے مریض سامنے آئے جبکہ دو افراد ہلاک ہوئے ۔براعظم کے سب سے متاثرہ ممالک چین،ایران اور ترکی ہیں۔ایران میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید121افراد ہلاک ہوئے جس سے مرنیوالوں کی تعداد بڑھ کر3993ہوگئی ،1997نئے مریض سامنے آئے جس سے متاثرہ افراد کی تعدادبڑھ کر64ہزار586ہوگئی ۔صدر حسن روحانی نے آئی ایم ایف سے اپیل کی ہے کہ وہ وائرس سے لڑنے کیلئے 5 ارب ڈالر کے ہنگامی قرضے کی درخواست کو منظور کرے ۔کابینہ اجلاس کے دوران حسن روحانی کا کہنا تھا میں تمام بین الاقوامی تنظیموں پر زور دیتا ہوں کہ وہ اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔جنوبی کوریا میں مزید8 افراد ہلاک ہوئے جس سے مرنیوالوں کی تعداد200ہوگئی،سیؤل میں 400بارز کو بند کردیا گیا۔اسرائیل میں مزید7 ہلاک ہوگئے ،ترکی میں مزید87 افراد ہلاک ہوئے جس سے مرنیوالوں کی تعداد812ہوگئی،ملک میں ماسک فری کردیئے گئے ،خریدوفروخت پر پابندی لگا دی گئی۔ترکی نے چار بلقان ممالک مقدونیہ،سربیا،ہرزیگوینیااور بوسنیا کو طبی امداد بھجوادی۔جنوبی مشرقی ایشیا میں وائرس کا پھیلائو تیزی سے جاری ہے ،خطے کے سب سے متاثرہ ممالک انڈونیشیا اور فلپائن ہیں۔انڈونیشیا میں مزید19افراد ہلاک ہوگئے جس سے مرنیوالوں کی تعداد240ہوگئی،فلپائن میں مزید 5ہلاکتوں کے ساتھ ملک میں مرنیوالوں کی تعداد182تک پہنچ گئی۔ملائشیا میں مزید 2ہلاکتوں کے بعد اموات65ہوگئیں۔مشرق وسطیٰ میں وائرس کے تدارک کیلئے اقدامات کا سلسلہ جاری ہے ،دبئی میں وائرس کا پھیلائو روکنے کیلئے طلاق اور شادیوں پر عارضی پابندی لگا دی گئی۔فیملی کورٹ کے جج خالد الحوسانی نے کہا جن جوڑوں کی شادی ہوچکی ہے وہ دعوتیں نہ دیں،عرب امارات میں 300نئے مریض سامنے آگئے جس سے متاثرہ افراد کی تعداد بڑھ کر2659ہوگئی ۔اومان کے دارالحکومت مسقط میں آج سے جزوی لاک ڈائون کا اعلان کردیاگیا۔سعودیہ میں مزید327مریض سامنے آگئے جس سے متاثرہ افراد کی تعداد بڑھ کر2932ہوگئی۔بحرین کی وزارت محنت و سماجی ترقی نے نجی شعبے کے ملازمین کو اپریل سے جون تک تنخواہیں ادا کرنے کا اعلان کر دیا۔ وزیر محنت و سماجی ترقی نے سوشل انشورنس ویب سائٹ کا افتتاح کرتے ہوئے کہاویب سائٹ پر نجی کمپنی مالکان اپنے اکاؤنٹ پر ملازمین کے اعدادوشمار اور بینک سٹیٹمنٹ پوسٹ کریں گے ، نجی ملازمین کو تین ماہ تک ماہانہ اتنی رقم ادا جائیگی جنتی انہوں نے فروری میں بطور تنخواہ وصول کی۔ جنوبی ایشیا میں وائرس کا تیزی سے پھیلائو جاری ہے ،خطے کا سب سے متاثرہ ملک بھارت ہے جہاں مزید28ہلاک ہوگئے جس سے مرنیوالوں کی تعداد178ہوگئی۔دنیا کی سب سے بڑی کچی آبادی جو ممبئی میں واقع ہے وہاں مزید9افراد میں وائرس کی تصدیق ہوگئی۔شہر میں ماسک پہننالازمی قراردیدیاگیا۔بھارتی سپریم کورٹ نے کورونا کے ٹیسٹ فری کرنے کا حکم دیدیا۔براعظم افریقہ کے 54 میں سے 52ممالک تک وائرس پہنچ چکا ہے ،براعظم میں مریضوں کی تعداد10ہزار تک پہنچ گئی ہے جبکہ کم ازکم 500افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔جنوبی افریقہ میں لاک ڈائون کی خلاف ورزی کرنیوالے وزیر کمیو نیکیشن کو 2 ماہ کی چھٹیاں دے دی گئیں۔ایتھوپیا میں وائرس کا پھیلائو روکنے کیلئے ہنگامی حالت نافذ کردی گئی۔مصر نے رات کے کرفیو میں 15دن کی توسیع کردی۔صومالیہ میں وائرس سے پہلی ہلاکت ہوگئی۔