پاکستان چین کا ثقافت و سیاحت میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

 پاکستان چین کا ثقافت و سیاحت  میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

پاکستان اور چین نے سفارتی تعلقات کے قیام کی 70 ویں سالگرہ کے موقع پر ثقافتی اور سیاحتی سرگرمیاں منظم کرنے پر اتفاق کیا ہے

بیجنگ (شنہوا ) گوادر پرو کے مطابق چین میں تعینات پاکستانی سفیر معین الحق نے چین کی وزارت ثقافت اور سیاحت کے نائب وزیر چانگ سو سے ملاقات کی۔ فریقین نے ثقافت ، سیاحت کے شعبوں میں جاری تعاون کا جائزہ لیا اور آئندہ بھی دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔ دوطرفہ ثقافتی تعلقات کی مستحکم ترقی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے فریقین نے کہا کہ پاکستان اور چین کے مابین سدا بہار دوستی نے ثقافت ، میڈیا تعاون اور ورثے کے تحفظ کے لئے مضبوط بنیاد فراہم کی ہے ،دونوں ممالک باہمی ثقافتی تبادلے کو بڑھانے کے لئے موجودہ رابطوں کا زیادہ سے زیادہ استعمال کریں اور متعلقہ شعبوں میں روابط کی مربوط اور وسیع تر ترقی کیلئے نئے میکانزم بنائیں۔ اس سلسلے میں دوطرفہ سیاحت کی توسیع پاکستان اور چین کے مابین تعاون کا ایک نیا شعبہ بن سکتی ہے ۔ چانگ سو نے کہا کہ چین COVID 19 وبا کے پس منظر کے تحت سفارتی تعلقات کے قیام کی 70 ویں سالگرہ کے موقع پر ثقافتی اور سیاحت کی سرگرمیوں کو کامیابی کے ساتھ ترتیب دینے ، دوطرفہ ثقافتی اور سیاحتی تعاون کے معاہدے کو مزید وسعت دینے کے لئے پاکستان کے ساتھ کام کرنے پر تیار ہے ،فریقین نے 2021 میں سفارتی تعلقات کے قیام کی 70 ویں سالگرہ کی مناسبت سے منا ئی جانے والی تقریبات پر بھی تبادلہ خیال کیا ۔اس سلسلے میں نائب وزیر چانگ سونے سفیر معین الحق کو چینی وزارت ثقافت اور اس کے متعلقہ محکموں کی مکمل حمایت اور مدد کی یقین دہانی کرائی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں