ازبکستان کا پاکستانی تاجروں کو 10 سال کیلئے ٹیکس استثنیٰ دینے کا اعلان
اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان کے دو روزہ دورے پر آئے ازبکستان کے صدر شوکت مرزائیوف نے پاکستان کے تاجروں کو 10 سال کے لیے ٹیکس استثنیٰ دینے کا اعلان کر دیا۔
پاکستان اور ازبکستان کے تجارتی حجم میں اضافے اور دونوں ممالک کے مابین کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے حوالے سے پاکستان ازبکستان بزنس فورم کا انعقاد اسلام آباد میں ہوا جس میں وزیراعظم شہباز شریف اور صدر ازبکستان شوکت مرزائیوف نے شرکت کی۔
ازبک کمپنیوں کو سہولیات دیں گے: وزیراعظم شہباز شریف
وزیراعظم شہباز شریف نے فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ،ازبکستان کے شرکار کو خوش آمدید کہتا ہوں، دونوں ممالک میں اقتصادی تعلقات اورتجارتی روابط میں اضافہ خوش آئند ہے، نجی شعبوں کے درمیان 3ارب40کروڑڈالر کے سمجھوتوں پرعملدرآمد اہم پیشرفت ہے، گزشتہ بزنس فورم کی بدولت باہمی تجارتی سرگرمیوں میں خاطرخواہ اضافہ ہوا۔
انہوں نے کہا کہ باہمی اقتصادی تعاون اورسرمایہ کاری کے فروغ کیلئے بزنس فورم ایک مؤثر پلیٹ فورم ہے، گزشتہ ایک سال میں 450ملین ڈالر کی تجارتی سرگرمیاں ممکن ہوئیں، دونوں ممالک میں باہمی تجارت کے مزیدفروغ کی صلاحیت موجود ہے، باہمی تجارت کا حجم2ارب ڈالرتک لےجانےپراتفاق ہوا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: پاکستان اور ازبکستان کے درمیان مختلف معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط
وزیراعظم نے آگاہ کیا کہ ازبکستان کے ساتھ سائنس، ٹیکنالوجی، توانائی، زراعت، ٹیکسٹائل کے شعبوں میں تعاون کے فروغ پر اتفاق ہوا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ مہنگائی کی شرح کم کرکےسنگل ڈیجٹ میں لائے ہیں، پالیسی ریٹ میں نمایاں کمی ہوئی ہے، 2023ء میں اقتصادی حالت خراب تھی،معاشی چیلنجز پر کامیابی سے قابوپایا، پاکستان کا آئی ٹی کا شعبہ ترقی کررہا ہے۔
انہوں نے ازبک صدر سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ آپ کی قیادت میں ازبکستان کی مجموعی پیداوارگزشتہ10سال میں دوگنا ہوئی، ازبک قیادت نے85لاکھ افراد کو غربت سے نکالا،بیروزگاری میں کمی کی، ہم ازبک کمپنیوں کو سرمایہ کاری کا محفوظ اورپرکشش ماحول فراہم کریں گے۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کے ٹیکسٹائل برآمد کنندگان ازبکستان میں پلانٹس لگانے کے خواہاں ہیں، ٹیکسٹائل پلانٹس سےدونوں ممالک کو معاشی فائدہ ہوگا، قدرتی وسائل،صحت،ٹرانسپورٹ اورسیاحت میں تعاون کے فروغ پر اتفاق ہوا، ازبکستان میں چاول اورآلو کی مانگ کو پورا کیا جائے گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ ازبک تاجرحضرات تجاویز لائیں،بیوروکریسی کسی قسم کی رکاوٹ کا باعث نہیں بنے گی۔
صحت کے شعبے میں بھرپور تعاون کیا جائے گا: ازبک صدر
ازبکستان کے صدر شوکت مرزائیوف نے فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اپنے بھائی وزیراعظم شہبازشریف کی قائدانہ صلاحیتوں کا معترف ہوں، پاکستان اورازبکستان کے درمیان تعلقات کثیرالجہتی شکل اختیار کرچکےہیں، بزنس فورم میں معاہدوں پرعملدرآمد سے باہمی تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔
ازبک صدر نے کہا کہ ازبک حکومت اورعوام پاکستان سے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، دونوں ممالک کے سرمایہ کاری ،تاجرایک دوسرے کے تجربات سے مستفید ہورہے ہیں، بزنس فورم اوردورے سے دونوں ممالک میں تجارتی تعاون کووسعت ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو آلات جراحی،ادویات کی تیاری میں تعاون فراہم کریں گے،ٹیکسٹائل میں پاکستانی سرمایہ کاروں کوسہولیات فراہم کی جائیں گی، ازبکستان میں کاروباری سرگرمیوں کے لیے سازگار ماحول دستیاب ہے۔
ازبک صدر نے کہا کہ چین، کرغزستان اورازبکستان پراین ایل سی سے تجارتی سرگرمیاں قابل ستائش ہیں، پاکستانی تاجروں کو10سال کے لیےٹیکس سے استثنیٰ دیا جائے گا، صحت کے شعبے میں بھرپورتعاون کے لیے تیار ہیں، 2026 باہمی تعاون پرمبنی شراکت داری کے فروغ کا سال ہوگا۔
پاکستان اور ازبکستان بزنس فورم کے دوران تاشقند لیدر زون کے قیام معدنیات اورکان کنی کے شعبوں میں تعاون کی دستاویز کا تبادلہ کیا گیا، ٹیکسٹائل مصنوعات کی پیداواراوربرآمدات کے فروغ کے باہمی سمجھوتے کا بھی تبادلہ ہوا۔
اس موقع پر زراعت، لائیو سٹاک، ڈیری فارمنگ اورطبی شعبے میں باہمی تعاون کی دستاویز کا تبادلہ کیا گیا۔