بھارتی کسانوں کی کل دلی میں ٹریکٹر ریلی،لاکھوں نکل پڑے
پنجاب سے 20کلومیٹر طویل ٹریکٹر قافلے کی دلی کی طرف پیش قدمی
دلی(دنیا مانیٹرنگ)بھارت میں کل یوم جمہوریہ پردلی میں کسانوں کی ٹریکٹر پریڈ کیلئے تیاریاں مکمل ہوگئیں،لاکھوں کسان ٹریکٹروں کے ساتھ نکل پڑے ۔پنجاب اور ہریانہ سے 20کلومیٹر طویل ٹریکٹر قافلے دلی کی جانب بڑھنے لگے ۔پنجاب سے ہزاروں ٹریکٹروں کے آنے پر کنڈلی سے بہال گڑھ تک تقریباً 20 کلو میٹر تک ٹریکٹر اور ٹرالیوں کی چھاؤنی بن گئی ۔ اس علاقے میں 45ہزار ٹریکٹر موجود ہیں جو آج دلی کی طرف پیش قدمی کرینگے ۔دو لاکھ کسان بھی دلی کی طر ف آج جائیں گے ۔کسانوں کی بھرپور آمدو روفت کے بعد ہریانہ کے علاقے سونی پت میں آج سے عام تعطیل کا اعلان کردیاگیا۔ممبئی کے آزاد میدان میں آج سے دو دن کیلئے دھرنے کیلئے ہزاروں کسان پیدل چل کر مہاراشٹرا بھر سے ممبئی پہنچ گئے ۔کل یوم جمہوریہ کے موقع پر کسان آزاد میدان سے گورنر ہائوس تک ریلی نکالیں گے ۔