امریکا کا ایران پر عائد پابندیاں اٹھانے کا عندیہ
امریکا نے نیوکلیئر ڈیل کی پاسداری کیلئے ایران پر عائد متعدد پابندیاں اٹھانے کا عندیہ دے دیا
واشنگٹن (رائٹرز)ترجمان امریکی دفتر خارجہ کے مطابق نیوکلیئر ڈیل کی پاسداری کیلئے ضروری اقدامات اٹھانے کیلئے ہم تیار ہیں، ایران پر عائد ایسی پابندیاں بھی اٹھالی جائیں گی جن کا نیوکلیئر ڈیل کیساتھ کوئی تعلق نہیں۔قبل ازیں دیرینہ حریف امریکا اور ایران کا کہنا ہے کہ کسی فوری کامیابی کی توقع نہیں ہے تاہم دونوں حکومتوں اور یورپی یونین نے ابتدائی بات چیت کو مثبت قرار دیا۔ ایران اور عالمی طاقتوں نے ویانا میں منگل کو ہونے والے مذاکرات کے ابتدائی دور کو تعمیری قرار دیا ہے اور کہا کہ وہ تہران پر عائد امریکی پابندیوں پر بات چیت کے لیے ورکنگ گروپ قائم کرنے پر رضامند ہوگئے ہیں تاکہ تہران پر عائد پابندیوں کو ختم اور 2015 کا جوہری معاہدہ بحال کیا جا سکے ۔ ویانا میں یورپی یونین کی صدارت میں منعقد ہونے والی میٹنگ میں ایران، چین، جرمنی، فرانس، روس اور برطانیہ کے نمائندے موجود تھے ۔ امریکا شامل نہیں تھا البتہ امریکی وفد ویانا میں موجود تھا اور یورپی یونین کے مذاکرات کار انہیں میٹنگ کی تفصیلات سے مسلسل آگاہ کرتے رہے ۔