پارٹی رہنما عمران کے جھوٹے بیانیے کا پول کھولیں:نواز شریف

 پارٹی رہنما عمران کے جھوٹے بیانیے کا پول کھولیں:نواز شریف

لندن ( دنیا نیوز،خبر ایجنسیاں) مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف سے سیاسی رہنماؤں نے ملاقاتیں کیں، ملاقاتوں کے دوران ملکی سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔بلوچستان کے سیاسی رہنما جعفر مندوخیل ،وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ، ڈاکٹر افنان اور دیگر نے نواز شریف سے ملاقات کی ۔

نواز شریف نے ہدایت کی ہے کہ پارٹی رہنما عمران خان کے جھوٹے بیانیے کا پول کھولیں اس کے علاوہ ملک کو درپیش مسائل اور ان کے حل سے متعلق عوام کو حقائق بتائے جائیں۔لیگی قائد نے جعفر مندوخیل سے ملکی سیاسی صورتحال پر مشاورت کی۔ دونوں رہنماؤں نے بلوچستان کے سیاسی حالات اور عوامی معاملات پر بھی گفتگو کی، نواز شریف نے جعفر مندوخیل کو صوبے میں مسلم لیگ ن کو متحرک کرنے کا ٹاسک دے دیا۔نواز شریف نے وزیرداخلہ رانا ثنا اللہ سے ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال ، پنجاب کے انتخابات اور صوبہ کے تنظیمی امور پر مشاورت کی ۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں سینئر نائب صدر مریم نواز بھی شریک تھیں ۔ پارٹی کے انتخابات پر بھی مشاورت ہوئی ۔نواز شریف نے رانا ثنااللہ کو پنجاب کی سیاست کے حوالے سے اہم ٹاسک سونپ دئیے ۔ سینئر وفاقی وزرا کے مستعفی ہوکر پنجاب میں انتخابی مہم چلانے کی تجویز پر بھی مشاورت کی گئی۔نوازشریف نے مریم نواز کی وطن واپسی پر شاندار استقبال کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں