امریکا نے 5دن بعدپراسرار چینی غبارہ مارگرایا

امریکا نے 5دن بعدپراسرار چینی غبارہ مارگرایا

واشنگٹن (دنیا مانیٹرنگ)امریکا نے پانچ دن بعد پراسرار چینی غبارہ مارگرایا،صدر بائیڈن اور سیکرٹری دفاع نے غبارے کو مارگرانے کا اعلان کرتے ہوئے پائلٹ کو سراہا۔

امریکا میں ہفتے کی دوپہر غبارہ جیسے ہی جنوبی کیرولینا سے بحر اوقیانوس کی جانب بڑھا تو امریکی جنگی طیاروں نے پہلے اس کا گھیرائو کیا اور پھر اسے تباہ کردیا،امریکی نیوی نے غبارے کے ملبے کو برآمد کرنے کیلئے بحر اوقیانوس میں آپریشن شروع کردیا۔امریکی حکام کے مطابق اس غبارے کا سائز تین سکول بسوں کے برابر تھا،یہ 60ہزار فٹ کی بلندی پر پرواز کررہاتھا۔ہفتے کی دوپہرآپریشن سے قبل جنوبی کیرولینا کے تین ایئر پورٹس بند کردیے گئے تھے جبکہ بحراوقیانوس کے اوپر مخصوص علاقے کو کچھ دیر کیلئے نو فلائی زون قراردیاگیاتھا۔ حکام کوچینی غبارے کی امریکا میں آمد کا کچھ علم نہیں،حکام کے مطابق31جنوری منگل کو صدر بائیڈن کو غبارے کی امریکی فضا میں موجودگی سے متعلق آگاہ کیاگیاتھا،اتنے دنوں کے دوران غبارے نے جوہری میزائل سسٹم کے مونٹانا میں واقع حساس علاقے پر پرواز کی،ا س کے علاوہ شمالی امریکا کے دیگر حساس علاقوں پر یہ بھی محوپرواز رہا۔جمعہ کو امریکا نے اسے جاسوس غبارہ قراردیاتھا جبکہ چین نے کہاتھا کہ یہ موسمیاتی غبارہ ہے ۔

امریکی وزیر خارجہ نے اسے خودمختاری کی خلاف ورزی قراردیتے ہوئے چین کا دورہ بھی ملتوی کردیاتھا۔اس سے قبل پنٹاگون نے کہا کہ ایک اور چینی جاسوس غبارہ لاطینی امریکا کی فضائی حدود میں دیکھا گیا ہے ، ترجمان پنٹاگون بریگیڈیئر پیٹرک رئیڈر نے کہا کہہم اسے جاسوس غبارہ سمجھتے ہیں جسے مرضی سے نقل وحرکت دی جا سکتی ہے ۔ادھر ہفتے کو اس معاملے پر امریکی وچینی وزرائے خارجہ کا رابطہ ہوا،چینی ہم منصب وانگ ژی سے گفتگو میں انٹونی بلنکن نے واضح کیا کہ امریکی فضائی حدود میں چینی جاسوس غبارے کی موجودگی صرف غیر ذمہ دارانہ حرکت نہیں بلکہ ہماری خودمختاری اور عالمی قانون کی واضح خلاف ورزی ہے ۔

اس کے باوجود امریکا چین کیساتھ سفارتی رابطوں کیلئے پرعزم ہے ، جیسے ہی حالات سازگار ہوں گے میں بیجنگ کا دورہ کرونگا۔ انہوں نے کہاکہ ہماری پہلی کوشش چینی جاسوس غبارے کو اپنی فضائی حدود سے نکالنا ہے ۔ چینی نیوز ایجنسی کے مطابق وانگ ژی نے بتایا کہ امریکی وزیر خارجہ کیساتھ پرسکون اور پیشہ وارانہ ماحول میں واقعہ پر بات چیت ہوئی۔ انہوں نے امریکی وزیر خارجہ سے کہا کہ چین ایک ذمہ دار ملک اور عالمی قانون کی ہمیشہ سختی سے پابندی کرتا ہے ۔دوسری جانب انٹونی بلنکن کا دورہ ملتوی کرنے پر اپنے ردعمل میں چینی وزار ت خارجہ کے عہدیدار نے کہاکہ ہم نے کسی دورے کا اعلان نہیں کیاتھا جسے امریکا نے ملتوی کرنے کا کہاہے ، امریکی فضائی حدود میں جاسوس غبارے کے الزامات کو بہانہ بنا کر امریکی میڈیا اور سیاستدان چین کی کردار کشی کر رہے ہیں۔

چینی غبارہ

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں