افضل گورو ، مقبول بٹ کی برسی، مقبوضہ وادی میں آج ہڑتال

افضل گورو ، مقبول بٹ کی برسی، مقبوضہ وادی میں آج ہڑتال

سرینگر/ نئی دہلی(کے پی آئی، نیوز ایجنسیاں) کشمیری رہنما محمد افضل گورو کی برسی پر آج جبکہ بانی جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ محمد مقبول بٹ کی برسی پر 11 فروری کو مقبوضہ کشمیر میں مکمل ہڑتال کی جائے گی۔

 ادھر نئی دہلی میں سابق وزیر اعلیٰ مقبوضہ جموں و کشمیر محبوبہ مفتی کو کارکنوں سمیت جبکہ سری نگر سے تین بے گناہ کشمیری گرفتار کر لئے گئے ۔ کے پی آئی کے مطابق مقبوضہ وادی  میں مکمل ہڑتال کی کالز کل جماعتی حریت کانفرنس اورجموں و کشمیر لبریشن فرنٹ نے مشترکہ طور پر دی  ہے ۔ ترجمان کل جماعتی حریت کانفرنس نے اپنے بیان میں دونوں شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ دونوں کی شہادت نے تحریک آزادی کشمیر میں نئی روح پھونکی ، کشمیری عوام دونوں شہیدوں کا مشن ہر قیمت پر پورا کریں گے ۔ادھر مقبوضہ وادی میں انسداد تجاوزات کے نام پر کشمیریوں کو زمین سے محروم کرنے کے منصوبے کے خلاف محبوبہ مفتی نے نئی دہلی میں کارکنوں کے ہمراہ احتجاج کرتے ہوئے بھارتی پارلیمنٹ کی طرف مارچ کیا ، پولیس کی بھاری نفری نے ان کا راستہ روک کر انہیں کارکنوں سمیت گرفتار کر لیا ۔اس موقع پر محبوبہ مفتی نے کہا کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر انتظامیہ کی ‘‘بلڈوزر پالیسی’’سے اپوزیشن جماعتوں کو آگاہ کرنا چاہتی تھی، بی جے پی کشمیر کیساتھ ایسٹ انڈیا کمپنی کی طرح پیش آ رہی ہے ، اپوزیشن لیڈر ممتا بینر جی، ایم کے سٹالن اور نتیش کمار کشمیر میں جاری بلڈوزر مہم پر خاموشی توڑیں ۔ انہوں نے کہا کہ تعمیرات کی مسماری مہم کشمیر کی صورتحال کو فلسطین سے بھی بدتر بنا رہی ہے ۔ ادھر سری نگر سے گرفتار تین کشمیریوں میں رہنما کل جماعتی حریت کانفرنس بلال صدیقی بھی شامل ہیں ۔ پولیس کے مطابق گرفتار تینوں افراد سے 31 لاکھ سے زائد رقم اور دیگر ممنوعہ مواد برآمد ہوا۔ 

 

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں