اوآئی سی کا مقبوضہ کشمیر کی سنگین صورتحال پر اظہار تشویش

اوآئی سی کا مقبوضہ کشمیر کی سنگین صورتحال پر اظہار تشویش

نواکشوط(نیوز ایجنسیاں)اسلامی تعاون تنظیم نے مقبوضہ جموں و کشمیر کی سنگین صورتحال پر تشویش کا اظہار کر دیا۔

او آئی سی رابطہ گروپ برائے جموں و کشمیر نے موریطانیہ کے دارالحکومت میں اجلاس کے دوران مشترکہ اعلامیہ منظور کیا جس میں مسئلہ کشمیر پر او آئی سی کےاصولی موقف کی توثیق کرتے ہوئے 5اگست 2019کے یکطرفہ بھارتی اقدامات سختی سے مسترد کر دیئے ۔اجلاس سے قبل وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے رابطہ گروپ کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین صورت حال پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ 5اگست 2019کے یکطرفہ بھارتی اقدامات کے نتیجے میں مقبوضہ علاقے میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی کوششوں سے وادی کی صورتحال بگڑ گئی ہے ۔ غیر کشمیریوں کے لاکھوں جعلی ڈومیسائل جاری کئے گئے ، قوانین بنا کر غیر مقامیوں کو زمین خریدنے کی اجازت دی گئی ۔ انہوں نے کہاکہ بھارت کشمیریوں کو اپنی سرزمین میں ایک بے اختیار اقلیت میں تبدیل کرنے کی کوشش کر رہا ہے جوکہ عالمی قانون بالخصوص چوتھے جنیوا کنونشن کی سنگین خلاف ورزی ہیں۔ اجلاس کی صدارت او آئی سی کے سیکرٹری جنرل حسین براہیم طحہ نے کی، کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما غلام محمد صفی بھی اجلاس میں شریک ہوئے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں