پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت نہیں کرتے : امریکا

پاکستان  کے  اندرونی  معاملات  میں مداخلت  نہیں  کرتے  : امریکا

واشنگٹن(دنیا مانیٹرنگ)امریکی دفتر خارجہ کے نائب ترجمان ویدانت پٹیل نے کہا ہے کہ پاکستان ہمارا اتحادی ہے ، اس کے مسائل کا علم ہے ، امریکا پاکستان کو ترقی یافتہ اور مستحکم ملک کے طور پر دیکھنا چاہتا ہے ۔

میڈیا بریفنگ کے دوران انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہاکہ ہم ملکی حکومت سے براہ راست بات چیت کرتے ہیں ، پاکستان کے اندرونی معاملات میں کسی قسم کی مداخلت کے حق میں نہیں۔ دنیانیوز کے مطابق امریکی ترجمان نے کہاکہ پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت نہیں کرتے ۔پریس بریفنگ کے دوران ایک صحافی نے سوال کیا کہ ایک پی ایچ ڈی خاتون امریکی جیل میں قید ہے کیا یہ انسانی حقوق کیلئے اچھا شگون ہے جس پر ترجمان نے جواب دینے سے گریز کیا۔شکیل آفریدی کے سوال ، قیدی کے تبادلے سے متعلق سوال پر انہوں نے کہاکہ ہم نے خاتون قیدی پر قونصلر رسائی دی ہے ۔ابھی اس تبادلے سے متعلق کچھ نہیں کہنا چاہتا۔ادھرامریکا اور بھارت نے دفاعی صنعت میں تعاون کے روڈ میپ پر اتفاق کر لیا۔

نئی دہلی کے مختصر دورے کے بعد امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن نے بھارتی مشیر سلامتی اجیت ڈوول سے ملاقات کی ،اس موقع پر امریکی وزیر دفاع نے کہا کہ ہم نے دفاعی صنعتی تعاون کا ایک نیا منصوبہ تیار کیا ہے ، جس میں مل کر دفاعی پیداوار میں اضافے اور مشترکہ دفاعی منصوبوں کو اولین ترجیح دی جائے گی۔ نیوز ایجنسی کے مطابق چین کیساتھ بڑھتی کشیدگی کے پیش نظر بھارت اہم ہتھیاروں کیلئے روس پر انحصار کم کرنے کا خواہاں ہے ۔ا س سے قبل لائیڈ آسٹن نے بھارتی ہم منصب راج ناتھ سنگھ سے بھی ملاقات کی ، امریکی وزیردفاع نے کہا چین اور روس کی جارحیت کیخلاف بھارت سے شراکت داری بڑھا رہے ہیں،امریکا خطے میں نیٹو کو مساوی طور پر قائم کرنے کی کوشش نہیں کر رہا۔

 

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں