150فلسطینی قیدی رہا،حماس سربراہ کی زخمی پوتی بھی شہید

150فلسطینی قیدی رہا،حماس سربراہ کی زخمی پوتی بھی شہید

غزہ ،تل ابیب (اے ایف پی ،مانیٹرنگ ڈیسک) غزہ کی کراسنگ اتھارٹی نے کہا کہ اسرائیل نے گزشتہ روز 150فلسطینی قیدیوں کو رہا کیا ہے ۔ شہریوں نے الزام لگایاہے کہ حراست میں ان کے ساتھ انتہائی برا سلوک کیا گیا۔

دوسری جانب عید کے روز اسرائیلی حملے میں زخمی ہونے والی حماس سربراہ اسماعیل ہنیہ کی پوتی ملاک ہنیہ بھی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہوگئی،اس حملے میں اسماعیل ہنیہ کے تین بیٹے اور پوتے بھی شہید ہوگئے تھے ۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران غزہ پر اسرائیلی بمباری سے 68افراد شہید اور 94زخمی ہو گئے ،غزہ کی وزارت صحت کے مطابق 7اکتوبر2023 سے جاری اسرائیلی بربریت میں ابتک 33ہزار 797فلسطینی شہید اور 76ہزار 465زخمی ہو چکے ۔اسرائیلی فوج نے غزہ کی پٹی میں نصیرات پناہ گزیں کیمپ پر ایک بار پھر بمباری کی ۔حملے میں ایک مسجد اور کئی افراد شہید ہو گئے ۔حزب اللہ نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے اسرائیل کے دھماکا خیز آلات پر حملہ کیا جس میں اسرائیلی فوجیوں کو نشانہ بنایا گیا تھا ۔ اسرائیلی فوج نے کہا کہ شمالی سرحد کے علاقے میں ایک دھماکے میں متعددفوجی زخمی ہوئے ہیں ۔پاکستان میں فلسطینی سفارتخانے نے واضح کیا ہے کہ گزشتہ دنوں فلسطینی یتیم بچوں کو گود لینے کے حوالے زیرگردش خبریں جعلی تھیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں