مقبوضہ کشمیر :مسجد کی تعمیر کیلئے غریب بیوہ کی طرف سے دیا جانیوالا 6 روپے کا انڈا سوا 2لاکھ میں نیلام

مقبوضہ کشمیر :مسجد کی تعمیر کیلئے غریب بیوہ کی طرف سے دیا جانیوالا  6 روپے کا انڈا سوا 2لاکھ میں نیلام

سرینگر (مانیٹرنگ ڈیسک )مقبوضہ جموں وکشمیر میں مسجد کی تعمیر کیلئے دیئے گئے عطیات میں غریب بیوہ عورت کی طرف سے فراہم کردہ 6روپے والا ایک انڈہ سوا 2روپے میں نیلام ہو گیا۔

بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق سرینگر کے شمالی قصبہ سوپور کا ‘مال ماپن پورہ’ گاؤں صرف اڑھائی سو لوگوں پر مشتمل ہے اور وہاں کی واحد جامع مسجد کئی ماہ سے زیرِتعمیر تھی۔ عید کے موقع پر مسجد کمیٹی نے گھر گھر جاکر نقد و جنس عطیات جمع کرنے کی مہم شروع کی ۔کمیٹی رکن نصیر احمد نے مذکورہ انڈے بارے گفتگو میں بتایا کہ یہ کوئی سونے کا انڈا نہیں بلکہ بازار سے چھ روپے میں خریدا گیا ایک عام سا انڈا تھا،جو ایک انتہائی غریب بیوہ نے کمیٹی کودیتے ہوئے کہا کہ اسے قبول کیجئے ۔ مسجد کی تعمیر کے لیے جس جذبے کے ساتھ غریب بیوہ نے اسے عطیہ کیا، اُس نے انڈے کی مجموعی قیمت سوا دو لاکھ روپے سے زائد تک پہنچا دی۔ نصیر احمد نے مزید کہا کہ کمیٹی نے خاتون کی شناخت خفیہ رکھتے ہوئے فیصلہ کیا کہ اس انڈے کو نیلام کیا جائے گا اورساتھ ہی نیلامی کا اعلان کر دیا، سب سے پہلے میں نے اپنی جیب سے دس روپے بولی لگا ئی، اس طرح انڈے کی قیمت بڑھتی گئی،دو دن تک لوگ انڈے پر 10، 20، 30 اور 50 ہزار تک بولی لگا چکے تھے اور ہر بار انڈا واپس کر دیا جاتا۔پھر آخری اور تیسرے دن شام سات بجے سوپور کے نوجوان تاجر دانش حمید نے 70 ہزارروپے بولی لگائی اور اس طرح یہ انڈا مجموعی طور پر 2 لاکھ 26 ہزار 350روپے کے نقد عطیات جمع کر پایا۔دانش نے بتایا کہ ایک غریب بیوہ کے اس جذبہ نے آسودہ لوگوں کو بڑھ چڑھ کر چندہ دینے پر آمادہ کیا۔نصیر احمد کے مطابق اب وہ انڈا معمولی نہیں رہا بلکہ اس کی علامتی اہمیت ہے ،ہم اس انڈے کو محفوظ کرنے کا انتظام کر رہے ہیں۔ 

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں