وزیرخزانہ کی آئی ایم ایف ، ایشیائی بینک سربراہوں سے ملاقاتیں

 وزیرخزانہ کی آئی ایم ایف ، ایشیائی بینک سربراہوں سے ملاقاتیں

واشنگٹن (اے پی پی،دنیا نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی دورہ واشنگٹن کے دوران عالمی مالیاتی اداروں کے رہنمائوں سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے ، وزیر خزانہ نے واشنگٹن میں عالمی بینک اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے صدور سے ملاقاتوں میں آئی ایم ایف پروگرام کے تحت جاری اصلاحات سے آگاہ کیا۔

عالمی بینک کے صدر نے معیشت کے استحکام اور محصولات میں اضافے کے لیے اصلاحات کو سراہا۔ وزیر خزانہ نے ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کو مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ایم ڈی آئی ایم ایف سے مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ کے وزرا اور گورنرز نے ملاقات کی۔ اعلامیہ کے مطابق پاکستان کے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے ایم ڈی آئی ایم ایف سے ہونے والی ملاقات میں شرکت کی۔ اعلامیہ کے مطابق محمد اورنگزیب نے پاکستان کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے میں آئی ایم ایف اور دیگر بینکوں کی مدد کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا ٹیکس نیٹ وسیع کرنے اور حکومتی ملکیتی اداروں کی نجکاری کی کوششیں جاری ہیں۔انہوں نے موسمیاتی خطرات سے نمٹنے کیلئے آئی ایم ایف سے مدد کی درخواست کی۔ وزیر خزانہ نے ورلڈ بینک گروپ کے صدر اجے بنگا سے ملاقات میں آئی ایم ایف کے ساتھ 9 ماہ پر محیط سٹینڈ بائی ارینجمنٹ قرض پروگرام کے تحت جاری اصلاحات پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیر خزانہ نے صدر عالمی بینک کو دورہ پاکستان کی دعوت دی۔وزیر خزانہ نے ایشیائی ترقیاتی بینک کے صدر مساتسوگو اسکاوا سے بھی ملاقات کی۔بینک کے ساتھ پاکستان کی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ محمد اورنگزیب نے انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ فنانس کارپوریشن کے سی ای او سکاٹ ناتھن سے بھی ملاقات کی۔انہوں نے کہاپاکستان میں مقامی یا غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔ وی 20 وزارتی ڈائیلاگ سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا ترقی یافتہ ممالک کوموسمیاتی تبدیلیوں کے چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کیلئے پاکستان سمیت ترقی پذیرممالک کو اضافی مالی تعاونکے وعدوں پرعمل درآمدکرنا چاہئے ۔وزیرخزانہ نے ترکیہ کے وزیرخزانہ مہمت سمسیک سے ملاقات کی۔ فریقین نے دوطرفہ تجارت اورسرمایہ کاری میں اضافہ پراتفاق کیا۔وزیر خزانہ محمداورنگزیب نے پاکستان کی اقتصادی پالیسی آؤٹ لک پر جے پی مورگن سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے زرعی شعبے کی مضبوط کارکردگی،مہنگائی کے دباؤ میں کمی سے متعلق خاکہ پیش کیا۔ 

 

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں