اقوام متحدہ میں فلسطین کی مکمل رکنیت کیلئے ووٹنگ آج ہو گی

اقوام متحدہ میں فلسطین کی مکمل رکنیت کیلئے ووٹنگ آج ہو گی

غزہ ،تل ابیب (اے ایف پی )اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل آج فلسطینیوں کی طرف سے اقوام متحدہ کی مکمل رکن ریاست بننے کی درخواست پر ووٹ ڈالے گی ۔ کسی مستقل رکن کی جانب سے درخواست ویٹو نہ کرنے پر جنرل اسمبلی دو تہائی اکثریت کے ساتھ نئی رکن ریاست کو تسلیم کر سکتی ہے ۔

 گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران غزہ پر اسرائیلی حملوں میں 56افراد شہید ،89زخمی ہو گئے ۔ پناہ گزین کیمپوں،پلے گراؤنڈ میں کھیلتے بچوں،پولیس کی گاڑی پر حملوں میں 7پولیس اہلکاروں ، بچوں اور خواتین سمیت 56فلسطینی شہید ،درجنوں زخمی ہو گئے ۔وزارت صحت کے مطابق اسرائیلی بربریت میں ابتک 33ہزار 899فلسطینی شہید،76ہزار 664زخمی ہو چکے ۔اسرائیلی کابینہ سے خطاب میں نیتن یاہو کا کہنا تھا برطانوی و جرمن وزرائے خارجہ سے ملاقاتوں میں واضح کر دیا کہ دوستوں کی قابل قدر تجاویز اپنی جگہ لیکن اسرائیل اپنے فیصلے خود کرے گا۔ دفاع کیلئے جو ضروری ہوگا وہ کریں گے ۔ حزب اللہ نے کہا کہ اس نے اسرائیلی فوج کے ایک اڈے پر حملہ کیا، اسرائیلی طبی ماہرین کے مطابق حملے میں 14 افراد زخمی ہوئے ، دو کی حالت تشویشناک ہے ۔ ترک صدر نے کہا کہ وہ ہفتے کے روز استنبول میں حماس سربراہ اسماعیل ہنیہ سے ملاقات کریں گے ۔ادھر اقوام متحدہ نے غزہ و مغربی کنارے کیلئے 2.8 ارب ڈالر فنڈنگ کی اپیل کی ہے ۔ترکیہ کے وزیر خارجہ نے اسرائیلی وزیر اعظم پر اقتدار میں رہنے کیلئے علاقائی کشیدگی سے فائدہ اٹھانے کا الزام لگایا ہے ۔ حماس نے کہا کہ اسرائیل پر ایران کا حملہ شام میں قونصل خانے پر کا رروائی کا درست جواب تھا۔

 

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں