پاکستان کی مدد کیلئے تیار ہیں:آئی ایم ایف:روپے کی قیمت زیادہ کمی کا کوئی امکان نہیں:وزیر خزانہ

پاکستان  کی مدد  کیلئے  تیار ہیں:آئی ایم ایف:روپے  کی  قیمت  زیادہ  کمی  کا   کوئی  امکان  نہیں:وزیر خزانہ

واشنگٹن(دنیا مانیٹرنگ،نیوز ایجنسیاں)عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف )کے مشرق وسطیٰ اور وسطی ایشیا کے ڈائریکٹر جہاد ازعور نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف پاکستان کی مدد کیلئے تیار ہے اور

 فی الحال اصلاحات کا پیکیج نئے پروگرام کے حجم سے زیادہ اہم ہے ،خبررساں ادارے رائٹرز کے مطابق جہاد ازعور نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ‘میرے خیال سے اس مرحلے پر جو چیز اہم ہے وہ یہ ہے کہ پروگرام میں تیزی لائی جائے ، انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کو ترقی کی مکمل صلاحیت کی فراہمی کیلئے اصلاحاتی ڈھانچے کو دُگنا کرنا اہم ہے ۔دوسری جانب وزیر خزانہ اورنگزیب اور بلوم برگ حکام کے درمیان راؤنڈ ٹیبل اجلاس ہوا جس میں پاکستان کی معیشت سمیت دیگر امور پر بات کی گئی، وزیر خزانہ  نے کہا پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر مضبوط اور شرح تبادلہ مستحکم ہے ، آنے والے برسوں میں معاشی شرح نمو 4 فیصد سے تجاوز کرجائے گی۔ آئی ایم ایف مشن کا دورہ پاکستان مئی میں متوقع ہے ، روپے کی قیمت میں زیادہ کمی کا کو ئی امکان نہیں ، روپے کی قدر میں سالانہ روایتی 6 سے 8 فیصد سے زیادہ کمی کا کوئی جواز نہیں، ترسیلات زر اوربرآمدات میں اضافہ ہورہا ہے ، آئی ایم ایف سے مذاکرات میں پاکستان کو اربوں ڈالر کے قرضوں کے حصول کے ساتھ اقتصادی اصلاحات کے ایجنڈا پر عمل درآمد تیز ہو گا...

پاکستان میں زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوا، جو چیزسب کچھ تبدیل کرسکتی ہے وہ تیل کی قیمتیں ہیں، موجودہ حکومت بالخصوص آئی ٹی اورزراعت پرخصوصی توجہ دے رہی تاکہ نمو کی شرح کو 4 فیصد سے اوپرلایا جاسکے ،پاکستان کو نئے قرض پروگرام کیلئے جون کے آخر یا جولائی کے آغاز میں سٹاف سطح کے معاہدے کی امیدہے ، وزیرخزانہ نے امریکا کے نائب وزیرخارجہ ڈونلڈ لو اور امریکی محکمہ خارجہ کی پرنسپل ڈپٹی اسسٹنٹ سیکرٹری ایلزبتھ ہورسٹ سے عالمی بینک ہیڈ کوارٹرز میں ملاقات کی۔ ملاقات میں متبادل توانائی کے ذرائع، زراعت، موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے و موسمیاتی موزونیت اور ٹیک انڈسٹری میں تعاون، اقتصادی شراکت داری میں اضافہ کی ضرورت پر زوردیا گیا۔ وزیر خزانہ نے اصلاحات کے ایجنڈے کے بارے میں بتایا اور آئی ٹی، قابل تجدید ذرائع، زراعت اور معدنیات میں امریکی سرمایہ کاری کیلئے مواقع کی نشاندہی کی، وفاقی وزیر نے کہا پاکستان یو ایس انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ فنانس کارپوریشن اور ایگزم بینک کے ساتھ مل کر کام کرے گا۔ وزیرخزانہ نے پاکستان سٹاف ایسوسی ایشن آف ورلڈ بینک و آئی ایم ایف سے بھی ملاقات کی اور اصلاحاتی ایجنڈے کے بارے میں آگاہ کیا اور کہا اس کے تحت ٹیکس کی بنیاد میں وسعت، توانائی کے شعبے میں اصلاحات، ڈیجیٹلائزیشن، نجکاری، پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ پرتوجہ دی جارہی ہے ۔ وزیرخزانہ نے ڈوئچے بینک کے نمائندوں سے ملاقات کی، بینک کے نمائندوں نے بین الاقوامی کیپٹل مارکیٹوں تک رسائی میں پاکستان کی مدد کیلئے مختلف لین دین کے ڈھانچے سے آگاہ کیا، گرین سسٹین ایبلٹی بانڈ کے اجرا کیلئے پائیدار مالیاتی فریم ورک کے قیام پر تبادلہ خیال بھی کیاگیا۔ علاوہ ازیں گورنر سٹیٹ بینک جمیل احمد نے جے پی مورگن، سٹی بینک اور جیفریز سمیت سرفہرست عالمی بینکوں اور مالی فرموں کی جانب سے منعقد کی گئی متعدد تقریبات میں شرکت کی اور سرمایہ کاروں سے ملاقات کی، گورنر نے بتایا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران پاکستان میں مہنگائی تیزی سے کم ہو کر مارچ 2024 میں دوبرسوں کی کم ترین سطح20.7 فیصد پر آ گئی ہے جو مئی 2023 میں 38 فیصد کی بلند سطح پر تھی۔ انہوں نے وضاحت کی کہ مہنگائی میں کمی وسیع البنیاد ہے جو سخت زری پالیسی، مالیاتی یکجائی، درآمدی رسد میں آسانی، زرعی پیداوار میں بہتری اور اساسی اثر (base effect) کے اثرات عکاسی کرتی ہے ۔ زیادہ اہم بات یہ ہے کہ قوزی مہنگائی نمایاں کمی کے ساتھ مارچ میں 15.7 فیصد پر آ گئی، جو پورے سال کے دوران مسلسل 20 فیصد سے زائد رہی تھی۔انہوں نے کہا مالی خدمات تک رسائی میں پائے جانے والے خلا کو پر کرنے کے لیے ڈیجیٹل ٹیکنالوجیز کو وسیع پیمانے پر اپنایا جا رہا ہے جس نے ادائیگیوں کے ملکی نظام میں انقلاب برپا کر دیا ہے ۔

 

 

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں