غزہ کی پٹی میں 3 کروڑ 70 لاکھ ٹن ملبہ،اٹھانے میں 14 سال لگیں گے :نمائندہ اقوام متحدہ

غزہ  کی  پٹی  میں 3 کروڑ  70  لاکھ  ٹن  ملبہ،اٹھانے  میں  14  سال  لگیں  گے :نمائندہ اقوام متحدہ

جنیوا،غزہ (اے ایف پی)اقوام متحدہ کے سینئر اہلکار ہر لودھمار نے جنیوا میں ایک بریفنگ کے دوران کہا ہے کہ غزہ میں اسرائیلی بمباری سے ہزاروں عمارتیں اور گھر ملبے کا ڈھیر بن چکے ۔

انہوں نے کہا اندازے کے مطابق غزہ میں 3 کروڑ 70 لاکھ ٹن ملبہ   موجود ہے ۔ملبے میں دفن نہ پھٹنے والا اسلحہ اس کام کو پیچیدہ بنا دے گا۔تخمینہ کے مطابق فی مربع میٹر 300 کلو ملبہ ہے ،انہوں نے کہا فرض کریں اگر 100ٹرک ملبہ ہٹانے کے کام پر لگائے جائیں تو صفائی مکمل کرنے میں 14 سال لگیں گے ۔دوسر ی جانب گزشتہ 24 گھنٹوں میں صیہونی بمباری سے 51افراد شہید ، 75زخمی ہو گئے ،وزارت صحت کے مطابق 7اکتوبر2023سے جاری حملوں میں ابتک 34ہزار356فلسطینی شہید ، 77ہزار 368زخمی ہو چکے ۔ رفح پر اسرائیلی حملے میں شہید ہونے والی حاملہ خاتون السکنیٰ کی بعد از وفات پیدا ہونے والی بیٹی انتقال کرگئی۔نومولود کو والدہ کے پہلو میں سپردخاک کردیا گیا۔غزہ میں ریڈ کراس کی پناہ گاہ پر حملے میں تین افراد جاں بحق ہو گئے ۔ حوثیوں نے خلیج عدن میں ایک بحری جہاز پر بیلسٹک میزائل داغا ،یو ایس سنٹرل کمانڈ نے کہا ہے کہ اینٹی شپ میزائل سے کوئی نقصان نہیں ہوا۔سینٹ کام کے مطابق ا تحادی فوج نے یمنی حوثیوں کے زیر کنٹرول علاقوں میں دو ڈرونز کو تباہ کر دیا ۔پینٹاگو ن نے کہا ہے کہ امریکی فوج نے غزہ میں ایک عارضی بندرگاہ کی تعمیر شروع کر دی ہے جس کا مقصد اشد ضروری امداد کی ترسیل کو بڑھانا ہے ۔بندرگاہ مئی کے شروع میں فعال ہو جائے گی۔ادھرفلسطینیوں کے حق میں مظاہرے امریکا اور فرانس کے بعد آسٹریلیا کی یونیورسٹی تک پھیل گئے ۔ آسٹریلیا میں سڈنی یونیورسٹی میں طلبا نے احتجاجی کیمپ لگا لیے ۔طلبا نے آسٹریلوی وزیراعظم کی اسرائیل اور غزہ کے بارے میں پالیسی کے خلاف نعرے بازی کی۔ پیرس میں بھی درجنوں طلبا نے سوربون یونیورسٹی کے باہر احتجاج کیا ،یونیورسٹی میں تقریر کیلئے آئے فرانسیسی صدر سے فلسطینیوں کی مدد کا مطالبہ بھی کیا گیا۔نیویارک میں طلبا نے امریکی پرچم کے ساتھ فلسطینی پرچم بھی لہرادیا جبکہ نیویارک کی سٹی یونیورسٹی اور یوٹی آسٹن کیمپس میں بھی احتجاج ہوئے ،ہارورڈ یونیورسٹی اورالینوائے کی نارتھ ویسٹرن یونیورسٹی میں فلسطینیوں کے حق میں احتجاجی کیمپ قائم کیے گئے ۔ مصر کا ایک وفد غزہ جنگ میں یرغمالیوں کی رہائی سمیت تعطل کے شکار مذاکرات کو دوبارہ شروع کرنے کی کوشش میں جمعہ کو اسرائیل پہنچ گیا۔عالمی عدالت نے کہا ہے کہ وہ 30 اپریل کو سہ پہر 3:00 بجے نکارا گوا کے الزامات پر فیصلہ سنائے گی کہ جرمنی غزہ جنگ کیلئے اسرائیل کو ہتھیار فراہم کر کے 1948 کے نسل کشی کنونشن کی خلاف ورزی کر رہا ہے یا نہیں ۔صدارتی جج نواف سلام فیصلہ پڑھ کر سنائیں گے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں