غزہ :اسرائیلی بمباری،فلسطینی شاعر کی بیٹی خاندان سمیت شہید

غزہ :اسرائیلی بمباری،فلسطینی شاعر کی بیٹی خاندان سمیت شہید

غزہ (اے ایف پی)غزہ میں اسرائیلی فوج کی بمباری سے معروف فلسطینی شاعر ڈاکٹر رفعت العرعیرشہید کی بیٹی شیما العرعیر اپنے دو بچوں اور شوہر سمیت شہید ہوگئیں۔چار ماہ قبل ڈاکٹر رفعت العرعیر بھی اسرائیلی حملے میں شہید ہوگئے تھے ۔

 شیماکے ساتھ ان کے شوہر انجینئر عبدالعزیز صیام ، 2 بچے بھی شہید ہوئے جن میں 2 ماہ کا نوزائیدہ بھی شامل ہے ۔وزارت  صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران غزہ پر اسرائیلی حملوں میں 32افراد شہید ،69زخمی ہو گئے ۔ 7اکتوبر2023 سے جاری جنگ میں ابتک 34ہزار 388فلسطینی شہید ،77ہزار 437زخمی ہو چکے ۔ اسرائیلی فورسز نے مغربی کنارے میں 22 سالہ مصطفی سلطان احمد اور 21 سالہ احمد محمد شوانہ کو گولی مار کر شہید کر دیا۔ادھر جنگ بندی کی اسرائیلی تجاویز حماس کو موصول ہو گئیں ۔سنیئر حماس عہدیدار کا کہنا تھا کہ اسرائیلی تجاویز پر غور کے بعد جواب دینگے ،غزہ سے صیہونی فوج کے انخلا اور جنگ بندی تک یرغمالی رہا نہیں کرینگے ۔حماس نے 2اسرائیلی یرغمالیوں کی ویڈیو جاری کی ہے جو زندہ دکھائی دے رہے ہیں ۔وہ اسرائیلی حکام پر زور دے رہے ہیں کہ اسیروں کی رہائی کیلئے معاہدہ کریں۔لاپتہ خاندانوں کے فورم نے دونوں کی شناخت کیتھ سیگل اور اومری میران کے نام سے کی ہے ۔امریکی پولیس نے بوسٹن کی نارتھ ایسٹرن یونیورسٹی میں یہودی مخالف نعروں پر فلسطینیوں کے حامی احتجاجی کیمپ کو خالی کراتے ہوئے 100افراد کو گرفتار کر لیا۔ احتجاج کے دوران پولیس نے اٹلانٹا کی ایک یونیورسٹی کی 65 سالہ خاتون پروفیسرکیرولین فوہلن کو گرا دیا اور ہتھکڑیاں لگا دیں۔

اوہائیو یونیورسٹی کے طلبا کے احتجاج کے دوران مظاہرین اور پولیس میں جھڑپیں ہوئیں، درجن سے زائد مظاہرین کو گرفتار کر لیا گیا، فلسطینیوں کی نسل کشی کے خلاف مظاہروں میں گرفتار مظاہرین کی تعداد 550تک جا پہنچی ۔اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کی نمائندہ فرانسسکا البانی نے کہا ہے کہ اسرائیل بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی کررہا ہے ،پابندیاں عائد کرنا ہوں گی۔ اسرائیلی حکام نے مصر کو پیغام دیا ہے کہ رفح پر حملے سے قبل اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی کیلئے مذاکرات کا یہ آخری موقع ہے ۔اسرائیلی وزیرخزانہ نے کہا ہے کہ حماس کی قیادت جہاں بھی ختم ہوکردیا جائے ،موساد کو وہ کام کرنا چاہیے جس کی اسے تربیت دی گئی ہے ۔امریکی محکمہ خارجہ نے مغربی کنارے میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی وجہ سے اسرائیلی فوج کی نتساح یہودا بٹالین پر عائد پابندیاں معطل کر دیں ۔اسرائیلی جارحیت کے خلاف لندن میں بڑا احتجاجی مظاہرہ ہوا جہاں ہزاروں مظاہرین نے پارلیمنٹ سکوائر سے ہائیڈ پارک کی طرف مارچ کیا۔ 

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں