بھارت :شر پسندوں نے امام مسجد کو پیٹ پیٹ کر قتل کردیا

بھارت :شر پسندوں نے امام مسجد کو پیٹ پیٹ کر قتل کردیا

جے پور (اے پی پی)بھارتی ریاست راجستھان کے شہر اجمیر میں تین نقاب پوش شرپسندوں نے امام مسجد کو پیٹ پیٹ کر قتل کردیاجس کے بعد علاقے میں شدید کشیدگی پائی جارہی ہے ۔

 تفصیلات کے مطابق کنچن نگر خان پورہ میں واقع محمدی مدینہ مسجد میں ملزموں نے ڈنڈوں اور لاٹھیوں سے امام مسجدمولا نا محمد ماہر کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا ۔مقامی رہائشی حاجی محمد شریف عباسی نے بتایا کہ مولانا محمد ماہر دو روز قبل اجمیر آئے تھے ۔ ان کے ساتھ چھ بچے بھی تھے  جنہیں وہ پڑھاتے تھے ۔ جمعہ کی سہ پہر تین نقاب پوش شرپسند پچھلے دروازے سے مسجد میں داخل ہوئے ۔انہوں نے بچوں کو مسجد سے باہر نکالنے کے بعد مولانا محمد ماہرکو لاٹھیوں اور ڈنڈوں سے پیٹ پیٹ کر قتل کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ جب تک علاقہ مکین موقع پر پہنچے تب تک تینوں مجرم فرار ہو چکے تھے ۔پولیس کے مطابق مولانا محمد ماہر دو ماہ قبل ہی مسجد کے امام مقرر ہوئے تھے ۔تحقیقات جاری ہیں ،ملزموں کو جلد گرفتار کرلیا جائے گا ۔ 

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں