تجاویز قبول کریں :امریکا،مستقل جنگ بندی کی جائے :حماس

 تجاویز قبول کریں :امریکا،مستقل جنگ بندی کی جائے :حماس

ریاض،غزہ (رائٹرز،اے ایف پی )امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے ریاض میں ورلڈ اکنامک فورم کے اجلاس میں کہا ہے کہ حماس غزہ جنگ میں جنگ بندی اور یرغمالیوں کی رہائی کیلئے اسرائیلی تجویز کو فوری طور پر قبول کرے ۔

حماس کو جلد فیصلہ کرنا ہوگا،مجھے امید ہے کہ وہ صحیح فیصلہ کریں گے ۔حماس رہنما اُسامہ حمدان کا کہنا ہے کہ اسرائیل مکمل جنگ بندی نہیں چاہتا وہ غزہ پر تسلط برقرار رکھنا چاہتا ہے ۔مستقل جنگ بندی کی جائے ، ہمارے سنجیدہ سوالات ہیں جن کا مثبت جواب ملا تو آگے بڑھ سکتے ہیں۔برطانوی وزیرخارجہ ڈیوڈ کیمرون نے کہاہے کہ اسرائیل نے حماس کو 40 روز کی جنگ بندی کی پیشکش کی ہے ۔انہوں نے کہا یرغمالیوں کی رہائی کے بدلے ہزاروں فلسطینی قیدیوں کی رہائی کی پیشکش بھی شامل ہے ۔ادھر غزہ کی وزارت صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں اسرائیلی بمباری سے 34افراد شہید ، 68زخمی ہو گئے ،حملوں میں ابتک 34ہزار488فلسطینی شہید ،77ہزار 643زخمی ہو چکے ۔ رفح میں کئی مکانات پر اسرائیلی فضائی حملوں میں25 شہید اور متعدد زخمی ہو گئے ،غزہ کی پٹی کے شمال میں بھی دو گھروں کو نشانہ بنایا گیا جس میں چار افراد شہید اور متعدد زخمی ہو گئے ۔ ایک اور گھر پر حملے میں دو بھائی جاں بحق ہو گئے ۔حماس نے کہا کہ پیر کو شمالی اسرائیل کی ایک فوجی پوزیشن پر متعدد راکٹ داغے ہیں ۔غزہ جنگ کے خلاف امریکی جامعات کا احتجاج ، فرانس، آسٹریلیا، اٹلی کے ساتھ کینیڈا تک پہنچ گیا۔ امریکی جامعات میں مظاہرین کے خلاف کریک ڈاؤن میں مزید 200 افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔ اب تک 900 سے زیادہ مظاہرین گرفتار کیے جاچکے ۔ہارورڈ یونیورسٹی میں مظاہرین نے یونیورسٹی کے بانی کی یاد میں لگائے گئے مجسمے کے اوپر سے امریکی جھنڈا ہٹا کر فلسطین کا جھنڈا لہرا دیا۔ غزہ کے بے گھر فلسطینیوں نے امریکی طلبا سے اظہار تشکر کیا ۔انہوں نے اپنے خیموں پر شکریہ امریکی جامعات کے الفاظ لکھ دئیے ۔ادھر وائٹ ہاؤس کی میڈیا نمائندگان کیلئے تقریب کے دوران فلسطینیوں کے حق میں بڑا مظاہرہ کیا گیا ہے ۔

 

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں