اسرائیلی مظالم : امریکی یونیورسٹیوں میں مظاہرے ، پر تشدد جھڑپیں : مزید 300 گرفتار متعد د طلبا زخمی

اسرائیلی  مظالم  :  امریکی  یونیورسٹیوں  میں  مظاہرے  ،  پر  تشدد  جھڑپیں  :  مزید  300 گرفتار  متعد د  طلبا  زخمی

واشنگٹن ،غزہ (اے ایف پی )امریکی یونیورسٹیوں میں فلسطینیوں کے حمایت میں مظاہرے جاری ہیں۔ پولیس نے مزید300سے زائد افراد کو گرفتار کر لیا ، یونیورسٹی آف کیلیفورنیا میں اسرائیل کے حامی مظاہرین نے فلسطین کے حمایتی طلبا کے احتجاجی کیمپوں پر حملہ کر دیا۔

مظاہرین کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئیں ، کئی فلسطینی حامی مظاہرین زخمی ہوگئے ۔ کولمبیا یونیورسٹی میں بھی احتجاجی کیمپ ہٹانے کیلئے پولیس کیمپس میں داخل ہوگئی، سٹی کالج آف نیویارک میں بھی پولیس کارروائی کے دوران متعدد مظاہرین گرفتار کرلیے گئے ،جھڑپوں میں بیسیوں مظاہرین زخمی ہو گئے ۔ امریکی جامعات میں احتجاج کے دوران ابتک 1100 سے زائد مظاہرین گرفتار کئے جاچکے ۔گزشتہ روز مظاہرین غزہ کی پٹی میں اسرائیلی بربریت کے خلاف احتجاج کرنے کیلئے کم از کم 30 امریکی یونیورسٹیوں میں جمع ہوئے ، انہوں نے ایک بار پھر اسرائیلی کمپنیوں میں سرمایہ کاری ختم کرنے اور غزہ میں نسل کشی بند کرنے کا مطالبہ کیا ۔ پولیس کمشنر ایڈورڈ کیبن نے متعدد یونیورسٹیوں سے 300 کے قریب گرفتاریوں کی تصدیق کی ہے ۔ادھر امدادی سامان غزہ لے جانے والے ٹرکوں پر اسرائیلی شدت پسندوں کا حملہ، ہزاروں ٹن خوراک ضائع کر دی گئی ۔اسرائیلی پولیس خاموش تماشائی بنی رہی ،امدادی ٹرک اردن کی جانب سے بھجوائے گئے تھے ۔غزہ کی وزارت صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں اسرائیلی بربریت سے 33افراد شہید ، 61زخمی ہو گئے ، صیہونی حملوں میں ابتک 34ہزار568فلسطینی شہید اور 77ہزار 765زخمی ہو چکے ۔اقوام متحدہ کے مائننگ آپریشنز کے سربراہ منگو برچ نے کہا ہے کہ غزہ کی پٹی یوکرین سے زیادہ جنگی ملبے سے بھری ہوئی ہے ۔حماس کے سینئر اہلکار سہیل الہندی نے کہا ہے کہ مستقل جنگ بندی ضروری ہے ،اسرائیلی تجویز کاجلد جواب دینگے ۔امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے حماس سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیل کی طرف سے جنگ بندی کی پیشکش قبول کرے ، حماس کو ہاں کہنے کی ضرورت ہے ۔اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان میں حزب اللہ کے ٹھکانوں پر حملے کا دعویٰ کیا ہے ۔مقبوضہ بیت المقدس میں مظاہرین نے اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کی رہائش گاہ جانے کی کوشش کی تو پولیس سے جھڑپیں ہو گئیں ۔ مظاہرین کو وزیر اعظم ہاؤس جانے سے روک دیا۔کولمبیا کے صدر گسٹاو پیٹرو نے یوم مئی کی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان کا ملک آج جمعرات کو اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات منقطع کر دے گا، انہوں نے غزہ جنگ کو نسل کشی قرار دیا۔ اسرائیل کے وزیر خارجہ نے کہا کولمبیا کی جانب سے دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات منقطع کرنے کا فیصلہ حماس کو انعام دینے کے مترادف ہے ۔

 

 

 

 

 

 

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں