رفح :اسرائیلی فوج کا اقوام متحدہ کی گاڑی پرحملہ ،2اہلکار ہلاک

رفح :اسرائیلی فوج کا اقوام متحدہ کی گاڑی پرحملہ ،2اہلکار ہلاک

غزہ (اے ایف پی،مانیٹرنگ ڈیسک) اسرائیلی فوج نے رفح میں اقوام متحدہ کی گاڑی پر حملہ کردیا جس سے 2غیر ملکی اہلکار ہلاک ہوگئے ،ہلاک ہونے والوں میں سے ایک کی شناخت 46سالہ بھارتی شخص وبھاو انیل کے نام سے ہوئی تاہم ابھی دوسرے اہلکار کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ۔

 اقوام متحدہ کے ایک ترجمان نے بتایا کہ اسرائیلی فوج کو عملے کے ارکان نے اپنی نقل و حرکت سے متعلق آگاہ کر رکھا تھا تاکہ کوئی ناخوشگوار واقعہ رونما نہ ہو جبکہ اسرائیل ڈیفنس فورسز کے ایک ترجمان نے کہا کہ ہمیں گاڑی کے روٹ کے بارے میں آگاہ نہیں کیا گیا تھا۔ اقوام متحدہ کے رابطہ دفتر برائے انسانی امور کی ترجمان اولگا چیریونو کے مطابق 7اکتوبر 2023سے جاری اسرائیل حماس جنگ کے دوران اب تک غزہ میں اقوام متحدہ کے 191کارکن مارے جا چکے ہیں جو سب فلسطینی تھے ،پہلا کوئی غیرملکی اہلکار ہلاک ہوا ہے ۔ دوسری طرف امریکی محکمہ دفاع کے ایک سینئر ملٹری عہدیدار ہیریسن من نے غزہ جنگ کی وجہ سے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے ۔ فوجی انٹیلی جنس افسر ہیریسن من نے کہا کہ استعفیٰ غزہ میں اسرائیلی جنگ کیلئے امریکی حمایت اور فلسطینیوں کو پہنچنے والے نقصان کے نتیجے میں انہیں پہنچنے والی ذہنی اور نفسیاتی اذیت کا نتیجہ ہے ۔قطر کی وزارت خارجہ کے ترجمان مجیدالانصاری نے پریس کانفرنس میں کہاکہ رفح پر اسرائیلی حملے کے بعد 9 مئی سے امدادی راستے بند ہیں اور انسانی امداد غزہ تک نہیں پہنچ سکی ۔ فلسطینی پناہ گزینوں کیلئے اقوام متحدہ کے ادارے نے اپنے بیان میں کہا کہ اسرائیل کی جانب سے آٹھ روز قبل جنوبی غزہ شہر سے انخلاء کے احکامات جاری کرنے کے بعد سے تقریباً ساڑھے 4لاکھ افراد رفح سے بے گھر ہو چکے ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں