غزہ:اسرائیل کی شجاعیہ پر بمباری ، 50 سے زائد افراد شہید

غزہ:اسرائیل کی شجاعیہ پر بمباری ، 50 سے زائد افراد شہید

غزہ ، یروشلم(اے ایف پی،مانیٹرنگ ڈیسک) صیہونی فوج شمالی غزہ کے علاقے میں شجاعیہ پر وحشیانہ طور پر حملہ آور ہوگئی ۔

 رہائشی علاقوں پر بمباری سے مزید 50  سے زائد فلسطینی شہید ہوگئے ۔شجاعیہ میں اسرائیل کے حملہ آور ہونے کے بعد ہزاروں فلسطینی ایک بار پھر جبری  نقل مکانی پر مجبور ہوگئے ۔ادھر حماس نے بھی اسرائیلی فوج پر راکٹوں اور بارودی سرنگوں سے حملے کئے ہیں جس کے نتیجے میں کئی اسرائیلی ٹینک تباہ ہوگئے ۔اسرائیل کا لبنان میں موٹر سائیکل پر ڈرون حملہ، حزب اللہ کے 2 کمانڈرز جاں بحق ہو گئے ۔حزب اللہ نے جوابی کارروائی میں اسرائیلی علاقے بالائی الجلیل پر درجنوں راکٹس برسادئیے ۔اسرائیل کے عرب رکن پارلیمنٹ احمد طبی کا کہنا ہے کہ7اکتوبر کو حماس کے حملے کے بعد20لاکھ اسرائیلی مسلمانوں کو شدید نفرت کا سامنا ہے ۔مسلمانوں کی بڑے پیمانے پر جانچ پڑتال کی جاتی ہے ۔اسرائیل میں عرب اقلیتی آبادی کا تقریباً 20 فیصد ہیں جنہیں بڑھتے ہوئے نفرت انگیز جرائم اور پولیس کی غیر منصفانہ کارروائی پر تشویش ہے ۔انسانی حقوق کی تنظیموں نے اسرائیل کو جیٹ طیاروں کے پرزوں کی فراہمی کے حوالے سے ہالینڈ پر ایک بار پھر مقدمہ دائر کیا ہے ۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل کو ایف35لڑاکا طیاروں کے پرزوں کی فراہمی پر پابندی کا احترام نہیں کیا جا رہا ۔ یاد رہے فروری میں اپیل کورٹ نے نیدرلینڈز کو حکم دیا تھا کہ وہ غزہ کی پٹی میں اسرائیل کی طرف سے حملے میں استعمال ہونے والے لڑاکا طیاروں کیلئے پرزے فراہم نہ کرے ۔انسانی حقوق گروپ کا کہنا تھا طیاروں کے پرزے ہالینڈ سے دوسرے راستوں سے اسرائیل میں پہنچتے ہیں۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں