مہنگائی کے ستائے عوام کیلئے بری خبر! پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ
اسلام آباد: (دنیا نیوز) مہنگائی کے ستائے عوام کیلئے بری خبر، حکومت نے گیس کی قیمتوں میں اضافے کے بعد پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بھی بڑھا دیں۔
وزارت خزانہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پٹرول کی قیمت میں 7 روپے 45 پیسے فی لٹر جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 9 روپے 56 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے۔
قیمتوں میں اضافے کے باعث پٹرول کی نئی قیمت 265 روپے 61 پیسے جبکہ ڈیزل کی نئی قیمت 277 روپے 45 پیسے ہوگئی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 9 روپے 88 پیسے مٹی کے تیل کی قیمت میں 10 روپے 5 پیسے فی لیٹر کا اضافہ کیا گیا ہے۔
وزیراعظم نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی منظوری دے دی ہے، نئی قیمتوں کا اطلاق 12 بجے سے ہوگا۔