غزہ:الشفا ہسپتال کے سربراہ سمیت 55فلسطینی رہا

غزہ:الشفا ہسپتال کے سربراہ سمیت 55فلسطینی رہا

غزہ (اے ایف پی )اسرائیل نے غزہ کے سب سے بڑے الشفا ہسپتال کے سربراہ محمد ابو سلمیہ سمیت 55 فلسطینی قیدیوں کو رہا کر دیا ۔

 دوسری جانب 24گھنٹوں کے  

دوران غزہ پر اسرائیلی بمباری میں 23افراد شہید اور 50سے زائد زخمی ہو گئے ۔تفصیلات کے مطابق اسرائیل نے سپریم کورٹ کے حکم پر الشفا ہسپتال کے سربراہ محمد ابو سلمیہ کو سات ماہ کے بعد 50قیدیوں سمیت رہا کر دیا ۔محمد ابو سلمیہ نے کہا کہ حراست کے دوران انہیں سخت تشدد کا نشانہ بنایا گیا جس سے ان کا انگوٹھا ٹوٹ گیا ۔ قیدیوں کو ہر طرح کے تشدد کا نشانہ بنایا جاتا ہے ، خوراک سے محروم رکھا گیا۔وزارت صحت کے مطابق 7 اکتوبر 2023سے ابتک اسرائیلی حملوں میں فلسطینی شہدا کی تعداد 37 ہزار 900 ہوگئی ہے جبکہ 87 ہزار 60 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ادھر گولان کی پہاڑیوں پر حزب اللہ کے ڈرون حملے میں 18 اسرائیلی فوجی زخمی ہو گئے ، ایک کی حالت نازک ہے جبکہ ہلاکتوں کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے ۔علاوہ ازیں حماس نے اسرائیل پر راکٹ بیراج فائر کرنے کا دعویٰ کیا ہے ۔آئی ڈی ایف نے حماس کی جانب سے 20سے زائد میزائل فائر کرنے کی تصدیق کی ہے ۔مقبوضہ بیت المقدس میں یہودی الٹرا آرتھوڈکس فرقے نے فوج میں لازمی بھرتی کے عدالتی حکم اور نیتن یاہو حکومت مخالف مظاہرے کیے ۔مظاہرے میں وزیر یتزاک گولڈ نوف کی گاڑی اور پولیس پر پتھراؤ کیا گیا ۔ فلسطین کا کہنا ہے کہ پیر کے روز اسرائیلی حملے میں مغربی کنارے میں ایک خاتون اور بچہ شہید ہو گیا ۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں