غزہ جنگ کے 9 ماہ مکمل ، اسرائیلی وزیراعظم کیخلاف ہزاروں افراد کا مظاہرہ

غزہ  جنگ  کے  9  ماہ  مکمل  ،  اسرائیلی  وزیراعظم  کیخلاف  ہزاروں  افراد  کا مظاہرہ

غزہ ،تل ابیب (اے ایف پی،رائٹرز)غزہ میں اسرائیل کے وحشیانہ حملوں کے 9 ماہ مکمل ہونے پر ہزاروں اسرائیلیوں نے وزیراعظم نیتن یاہو کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیا ۔

دوسری جانب اسرائیلی بربریت میں گزشتہ 24گھنٹوں میں مزید 55 فلسطینی شہید ہوگئے ۔ وزارت صحت کے مطابق 7 اکتوبر2023 سے جاری اسرائیلی حملوں میں ابتک 38 ہزار 153 فلسطینی شہید،87 ہزار 828 زخمی ہو چکے ۔تفصیلات کے مطابق غزہ میں جنگ 10ویں مہینے میں داخل ہونے پرہزاروں اسرائیلیوں نے وزیر اعظم نیتن یاہو کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیا ، مظاہرین نے تل ابیب میں سڑکیں بند کر دیں، مظاہرین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ یرغمالیوں کی محفوظ رہائی کیلئے حماس کے ساتھ فوری معاہدہ کیا جائے ۔ پرچم لہراتے مظاہرین نے نیتن یاہو کرائم منسٹر کے پوسٹر اٹھا رکھے تھے ۔ادھر پولیس نے مظاہرے کے پیش نظر وزیر اعظم نیتن یاہو کی یروشلم رہائشگاہ کے ارد گرد سکیو رٹی بڑھا دی ،کئی مقامات پر مظاہرین کی پولیس کے ساتھ جھڑپیں ہوئیں ، حکام نے سڑکیں کلیئر کرنے کیلئے واٹر کینن کا استعمال کیا ۔ متعدد مظاہرین کو گرفتار کر لیا گیا ۔یاد رہے اسرائیل، حماس جنگ کے 9 ماہ مکمل ہونے پر اسرائیل میں آج پیر سے ایک ہفتے کے لیے حکومت مخالف احتجاج کا آغاز کیا جا رہا ہے ۔ مظاہروں کے دوران اسرائیل کی بڑی شاہراہوں کو بند کر دیا جائیگا جبکہ تل ابیب میں ملٹری ہیڈکوارٹر کے سامنے بھی احتجاج کیا جائے گا۔ علاوہ ازیں حزب اللہ نے شمالی اسرائیل پر مزید 20 راکٹ فائر کیے ، جس سے متعدد افراد زخمی ہو گئے ۔ ادھر غزہ جنگ بندی تجاویز پر مذاکرات کا اگلا دور مصر میں ہو گا۔ آئندہ ہفتے مصر امریکی اور اسرائیلی مذاکراتی وفود کی میزبانی کرے گا۔ایک سینئر مصری اہلکار نے بتایا کہ حماس کے ساتھ جنگ بندی اور یرغمالیوں کی رہائی کے معاملات کو حتمی شکل دی جائے گی۔مذاکرات کا ہدف غزہ میں جنگ بندی ہے ۔حماس کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے کہا ہے کہ یرغمالیوں کے معاہدے اور غزہ جنگ کے خاتمے کیلئے مستقل جنگ بندی کے بغیر بھی بات چیت کیلئے تیار ہیں۔ عہدیدار کے مطابق اگر مذاکرات شروع ہو جاتے ہیں تو حماس کو توقع ہے کہ دو سے تین ہفتے میں نتائج بر آمد ہو سکتے ہیں ۔جنوبی غزہ کے ساحلی علاقے المواسی میں شہری نیدل ابو جزر نے اے ایف پی کو بتایا کہ اسرائیلی بلڈوزروں کی کارروائیوں اور گولہ باری سے غزہ میں کا شتکاری شعبہ تباہ ہو گیا ہے ۔ جنگ شروع ہونے کے بعد سے 57 فیصد زرعی زمین کو نقصان پہنچا ہے ۔

 

 

 

 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں