حکومت اساتذہ سے کئے وعدے کی تکمیل کیلئے پرعزم ، وزیراعظم
اسلام آباد(آن لائن)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ حکومت پاکستان اساتذہ کے ساتھ کئے گئے اپنے وعدے کی تکمیل کے لیے پرعزم ہے ۔
میں پاکستان بھر کے تمام اساتذہ کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتا ہوں جو اپنے غیر متزلزل عزم کے ساتھ نوجوان ذہنوں کو سنوارتے ہیں،آج ہم اپنی قوم کے مستقبل کے معمار کے طور پر اساتذہ کے گراں قدر کردار کو تسلیم کرنے کے لیے عالمی یوم اساتذہ منانے میں عالمی برادری کے ساتھ شریک ہیں۔ اساتذہ ہمارے مستقبل کے معمار ہیں ،ان کی کاوشوں کے بغیر ہم اپنی ان امنگوں کو پورا نہیں کر سکتے جو ہم نے بحیثیت قوم اپنے لیے متعین کر رکھی ہیں۔ عالمی یوم اساتذہ پر پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ جدید انفراسٹرکچر اور تعلیمی وسائل میں سرمایہ کاری جاری رکھیں گے ۔ ہمارا مقصد ایک اعلیٰ کارکردگی کا حامل تعلیمی نظام وضع کرنا ہے ۔