ٹرمپ ریپبلکن پارٹی کے باضابطہ صدارتی امیدوار نامزد

 ٹرمپ ریپبلکن پارٹی کے باضابطہ صدارتی امیدوار نامزد

واشنگٹن (اے ایف پی،رائٹرز)پارٹی کے نیشنل کنونشن میں ریپبلکن پارٹی نے ڈونلڈ ٹرمپ کو باضابطہ طور پر صدارتی امیدوار نامزد کیا۔دوسری جانب ٹرمپ نے سینیٹر جے ڈی وینس کو اپنا نائب صدارتی امیدوار بنالیا ۔

 ان کا تعلق پانسہ پلٹنے والی ریاست اوہائیو سے  ہے ۔سینیٹر وینس ماضی میں ڈونلڈ ٹرمپ پر شدید تنقید کرتے رہے ہیں۔ 2016 کے انتخابات سے پہلے سینیٹر وینس نے ڈونلڈ ٹرمپ کو احمق اور قابل مذمت شخص قرار دیا تھا اور ان کا موازانہ ایڈولف ہٹلر سے کیا تھا۔ادھر فلوریڈا کی ایک عدالت نے ٹرمپ کیخلاف خفیہ دستاویزات کیس خارج کر دیاجس کے بعد سابق امریکی صدر نے مطالبہ کیا کہ ان کے خلاف تمام عدالتی مقدمات ختم کئے جائیں ۔ادھر قاتلانہ حملے کے بعد سابق امریکی صدر ٹرمپ ری پبلکن کنونشن میں شرکت کیلئے ملواکی پہنچ گئے ۔ کنونشن میں ریپبلکن پارٹی نے ٹرمپ کو باضابطہ صدارتی امیدوار نامزد کر دیا،اس موقع پر ٹرمپ نے کہا ہمیں پہلے سے کہیں زیادہ اب متحد ہونے کی ضرورت ہے ۔سابق امریکی صدر ٹرمپ پر حملے کے بعد صدر بائیڈن نے قوم سے خطاب میں کہا ہے کہ صدارتی انتخاب میں خطرات بہت زیادہ ہیں، سیاست میں کسی کی جان کو خطرہ نہیں ہونا چاہیے ، اختلاف کا مطلب دشمنی نہیں ہونا چاہیے ، اختلافات بیلٹ باکس کے ذریعے حل ہوتے ہیں، گولی سے نہیں۔انہوں نے عوام سے اتحاد، یکجہتی اور تشدد کے خاتمے پر زور دیا ہے ۔ قوم سے خطاب میں امریکی صدر نے کہاکہ سیاسی درجہ حرارت کم کرنے کی ضرورت ہے ، شکر ہے حملے میں ٹرمپ شدید زخمی نہیں ہوئے ۔خطاب کے دوران ایک بار پھر بائیڈن کی زبان گئی۔انہوں نے بیلٹ باکس کوبیٹل باکس کہہ دیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں