بنگلہ دیش :طلبا کا مطالبات کیلئے 48 گھنٹے کا الٹی میٹم

 بنگلہ دیش :طلبا کا مطالبات کیلئے 48 گھنٹے کا الٹی میٹم

ڈھاکہ(اے ایف پی )بنگلہ دیش میں طلبا نے سرکاری ملازمتوں میں کوٹا سسٹم کے خلاف احتجاج جاری رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے حکومت کو مطالبات کی منظوری کیلئے 48 گھنٹوں کا الٹی میٹم دے دیا۔

طلبا نے مطالبہ کیا ہے کہ گرفتار مظاہرین کو فوری رہا ، کرفیو اٹھایا  جائے ۔طالبعلم رہنما ناہید اسلام نے کہا کہ ہم نے یہ تحریک کوٹہ میں اصلاحات کیلئے شروع کی تھی لیکن ہم جان و مال کے اتنے نقصان کی قیمت پر کوٹہ اصلاحات نہیں چاہتے تھے ۔ ہمیں حکومت سے اپنی جان کا خوف ہے ،میرے کئی ساتھی لاپتہ ہیں ۔پولیس ترجمان کے مطابق 532 افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے ۔ مظاہروں میں ابتک 163 افراد ہلاک ،سینکڑوں زخمی ہوچکے ۔دوسری جانب امارات نے 57 بنگلہ دیشی تارکین کو اپنی حکومت کیخلاف احتجاج کرنے پرقید کی سزا سنائی ہے ۔ تین تارکین کو عمر قید، 53 کو 10 سال اور ایک کو 11 سال قید کی سزا سنائی گئی ۔ڈھاکہ میں سفارت کاروں کو وزیر خارجہ کی جانب سے بریفنگ دی گئی ،اس دوران امریکی سفیر پیٹر ہاس نے کہا کہ وزیر خارجہ حسن محمود واقعات کا یک طرفہ رخ پیش کر رہے ۔ حیرت ہے غیر مسلح مظاہرین پر پولیس کی فائرنگ کی فوٹیج نہیں دکھائی گئی ۔وزیراعظم حسینہ نے کرفیو فوری طور پر ہٹانے سے انکار کردیا۔تاجر وں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کرفیو نافذ نہیں کرنا چاہتی تھی لیکن شہریوں کے جان و مال کی حفاظت کیلئے اقدام کیا گیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں