نو منتخب ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے عہدے کا حلف اٹھا لیا

نو منتخب ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے عہدے کا حلف اٹھا لیا

تہران (اے ایف پی ،رائٹرز)ایران کے نو منتخب صدر مسعود پزشکیان نے عہدے کا حلف اٹھا لیا، ایران کے چیف جسٹس نے صدر سے ان کے عہدے کا حلف لیا۔

 پارلیمنٹ میں منعقدہ تقریب حلف برداری میں اعلیٰ سیاسی و دفاعی رہنماؤں کے علاوہ مختلف ممالک کے سربراہان مملکت اور وفود نے شرکت کی۔ پاکستان کی جانب سے نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ اسحاق ڈار تقریب میں شریک ہوئے ۔صدر مسعود پزشکیان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میری حکومت کبھی غیر ملکی دباؤ میں نہیں آئے گی۔ ایران معیشت ، سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں علاقائی سطح پر اوّلین طاقت بننا چاہتا ہے ۔ سرکاری مہر ایجنسی نے پارلیمنٹ کے پروٹوکول کے سربراہ رکن پارلیمنٹ علی رضا شریفی کے حوالے سے بتایا ہے کہ تقریب میں 110 وفود اور بین الاقوامی تنظیموں سمیت 86 ممالک کے مندوبین نے شرکت کی۔ اندرون اوربیرون ملک سے 600 صحافیوں نے بھی تقریب میں شرکت کی۔ ایرانی صدر 15 دن کے اندر اپنی کابینہ تشکیل دے کر پارلیمنٹ سے منظوری لیں گے ۔علاوہ ازیں وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے ملاقات کی اور صدر آصف زرداری ،وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔ایرانی صدر نے وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی تقریب میں شرکت اور نیک تمنائوں پر شکریہ ادا کیا ۔حلف برداری تقریب میں عشائیہ کے دوران اسحاق ڈار نے برازیل کے نائب صدر جیرالڈو الکمن اور تاجکستان کی پارلیمنٹ کے سپیکر رستم امام علی سے بھی بات چیت کی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں