افغان مہاجرین کی واپسی کا دوسرا مرحلہ جلد شروع کرینگے :محسن نقوی

افغان مہاجرین کی واپسی کا دوسرا  مرحلہ جلد شروع کرینگے :محسن نقوی

لندن (اے پی پی)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے دورہ برطانیہ کے دوران برطانوی وزیر مملکت برائے خارجہ امور ہمیش فالکنر سے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور سمیت پاک برطانیہ دو طرفہ تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

برطانوی وزیر مملکت برائے خارجہ امور نے یوم آزادی کے موقع پر وفاقی وزیر داخلہ اور پاکستانی قوم کو مبارکباد دی۔ملاقات میں خطے میں پائیدار امن و استحکام اور دہشتگردی کے ناسور سے نمٹنے کے حوالے سے بھی گفتگو کی گئی۔ دونوں وزرا نے امن و استحکام کے لئے باہمی تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ محسن نقوی نے کہا کہ ہم افغان مہاجرین کو ان کے ملک افغانستان واپس بھجوانے کے لئے جلد دوسرا مرحلہ شروع کریں گے ۔انہوں نے مزید کہا کہ دہشتگردی عالمگیر مسئلہ ہے کئی ممالک کو مختلف شکلوں میں اس چیلنج کا سامنا ہے ، پاکستان خطے میں پائیدار امن کا خواہاں ہیں، پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تاریخی دوستانہ تعلقات ہیں ، اس موقع پر پاکستانی ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل اور برطانوی فارن کامن ویلتھ اینڈ ڈویلپمنٹ آفس کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں