نوازشریف کا500 یونٹ تک بجلی صارفین کیلئے 14روپے فی یونٹ ریلیف کا اعلان

لاہور:(دنیا نیوز) صدر مسلم لیگ ن میاں نوازشریف نے500 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والوں کیلئے 14روپے فی یونٹ ریلیف کا اعلان کردیا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ہمراہ صدر مسلم لیگ ن میاں نوازشریف نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی کی وجہ سے عوام کرب سے گزررہے ہیں، مینارپاکستان جلسےمیں بجلی کےبلوں سےمتعلق گفتگوکی تھی، مینارپاکستان جلسےمیں بتایامیرے دورمیں بجلی کا بل اورآج کتنا ہوگیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عوام کی تکالیف کومحسوس کررہا ہوں، باربارمیرا ذہن 2017کی طرف جاتا ہے، 2017میں مہنگائی کا نام ونشان نہیں اوربجلی کےبل انتہائی کم تھے،2013 میں ہم نے معیشت کو ٹھیک کیا، ہمارے زمانے میں 10،10روپے کلو سبزیاں ملتی تھیں۔

نوازشریف نے کہا کہ میں آج بھی کہتا ہوں کہ مجھے کیوں نکالا؟ ان کو یہ بات مذاق لگتی ہے ، مجھے نکالنے کی کوئی مناسب وجہ تو بتاتے، مجھے اس لیے نکالا کہ بیٹے سے تنخواہ نہیں لی ، مجھے نکالنے والے ججز سے کسی نے نہیں پوچھا۔

صدر مسلم لیگ ن کا کہنا تھا کہ اس ملک میں آئی ایم ایف کو کون لایا؟ جیل میں بیٹھ کر بڑی بڑی باتیں کرنے والا آئی ایم ایف کو دوبارہ لایا، مریم اور شہبازشریف کو کہتا ہوں کہ مہنگائی کا طوفان ختم کریں ، میرے دور میں ڈالر 104روپے کا تھا، مریم نے گندم ، آٹے کی قیمت کو کم کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے بجلی کی لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا ، چین کے تعاون سے ہماری حکومت نےنئےبجلی کےکارخانےلگائے، یہ مہنگائی بانی پی ٹی آئی کے دور سے شروع ہوئی ، مریم نواز بھی دن رات عوام کی خدمت کا سوچتی ہیں، پنجاب میں صفائی کے انتظامات بہتر کردیئے گئے ہیں۔

نوازشریف نے کہا کہ میں اقتدار کا خواہش مند نہیں ہوں ، میں نے ملک کی خدمت کی ہے ، ہم نے موٹر ویز اپنے وسائل سے بنائی ہیں، 2017 میں منتخب وزیر اعظم کو نکالنے کے ثبوت بھی موجود ہیں ، آخریہ سب کچھ کس نے کیا اور کون اس کا ذمہ دار ہے؟، اگر ترقی کا سفر جاری رہتا تو ہم آج ایشین ٹائیگر بن چکے ہوتے۔

ان کا کہنا تھا کہ مریم نواز بجلی کے بلوں کیلئے سولر پینل سکیم لے کر آ رہی ہیں ، ہماری حکومت نے اگست اور ستمبر کے بجلی بلوں میں ریلیف دینے کا فیصلہ کیا ہے ، عوام کیلئے ایک اچھا ریلیف پیکیج تیار کیا ہے ، ہمارا فرض ہے موجودہ صورتحال کو ٹھیک کریں۔

صدر مسلم لیگ ن نے مزید کہا کہ 500یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والوں کو 14روپے کا ریلیف ملے گا ، بجلی بلوں میں ریلیف دینے کیلئے 45ارب روپے مختص کیے ہیں ، ترقیاتی پیکیج کے فنڈز سے کٹوتی کرکے عوام کو ریلیف دیں گے، پنجاب حکومت کے مختلف شعبوں سے 45 ارب روپے نکال کر عوام کو ریلیف دیں گے، شہبازشریف بھی بجلی قیمتوں میں کمی کیلئے اقدامات کریں۔

ذرائع کے مطابق نوازشریف کے بجلی بلوں میں ریلیف کے بعد لاہور الیکٹرک سپلائی کے 48 لاکھ 44 ہزار 50 صارفین کو ریلیف ملے گا، لیسکو کے صارفین کی تعداد 65 لاکھ سے زائد ہے، لیسکو کے 49 لاکھ گھریلو صارفین ہیں، 500 یونٹس تک کا بنیادی ٹیرف ریٹ 37 سے 38 روپے فی یونٹ ہے، 14 روپے ریلیف ملنے سے یونٹ 24 روپے کا ہوجائے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں